پولیو ٹیموں پر حملے پاکستان کیخلاف سازش ہے صدر زرداری

صدر نے لازمی تعلیم بل پر دستخط کردیے،مخالفین مفاہمتی پالیسی کو نقصان نہ پہنچائیں،خطاب،رحمن ملک کی ملاقات

صدر نے لازمی تعلیم بل پر دستخط کردیے،مخالفین مفاہمتی پالیسی کو نقصان نہ پہنچائیں،خطاب،رحمن ملک کی ملاقات، وزیر اعظم کا صدر کو فون فوٹو: فائل

صدر آصف علی زرداری نے مفت اور لازمی تعلیم کے وفاقی بل پر دستخط کردیے ہیں۔

اس قانون کے تحت پاکستان میں ہر بچے کو تعلیم حاصل کرنے کا حق دلایا جائے گا اور کسی بھی بچے کو تعلیم سے محروم رکھنا غیر قانونی ہوگا۔ صدرمملکت نے اس بل پر دستخط بدھ کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اتفاق رائے سے مفت اور لازمی تعلیم قانون کا منظور ہونا جمہوریت کی کامیابی کی نشانی ہے۔ صدر نے کہا کہ مخالفین کو چاہیے کہ وہ معمولی سیاسی مفادات کے لیے مفاہمتی پالیسی کو نقصان نہ پہنچائیں۔ انھوں نے کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کو چاہیے کہ وہ ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوجائیں تاکہ ملک کے مستقبل کو محفوظ بنایا جاسکے۔

علاوہ ازیں وزیر داخلہ رحمٰن ملک اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ انسداد پولیو ٹیموں پر حملے پاکستان کیخلاف سازش ہے، حکومت ان عناصر کے خلاف سخت کاروائی کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان سے پولیو سے خاتمے کی مہم جاری رہے گی۔ کراچی اور پشاور میں انسداد پولیو ٹیموں پر حملہ کرنے والے ملزمان کی گرفتاری سمیت ملک بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کیلیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مشترکہ حکمت عملی کے تحت سخت کریک ڈائون کریں ۔ انھوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مستقبل میں بھی ملک میں سیاسی استحکام اور جمہوریت کی بالا دستی قائم رہے ۔




اس کے لیے تما م سیاسی قوتیں اپنا کردارکریں۔ دریں اثنا سکیورٹیز اینڈایکسچینج کمیشن اورا سٹاک بروکرزکے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ سرمایہ کار پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں حکومت انھیں ہر ممکن تحفظ اور مراعات فراہم کرے گی۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر صدر نے کراچی صنعتکاروں کے مسائل کے حل کے لیے وزیر خزانہ حفیظ شیخ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی۔ صدر آصف علی زرداری کو بدھ کے روز وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے ٹیلیفون کیا۔

ذرائع کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو میں کراچی اور خیبر پختونخوا میں پولیو ٹیموں پر ہونے والے حملوں کے واقعات پر بھی غور کیا گیا۔ صدر اور وزیر اعظم نے اتفاق کیا کہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کوششں کی جائے گی اور عوام کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ صدر نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک میں قیام امن کے لیے چاروں صوبائی اور گلگت بلتستان حکومتوں کے ساتھ مل کر مربوط لائحہ عمل اختیار کرے۔ قبل ازیں صدر مملکت سے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی ہم آہنگی ڈاکٹر پال بھٹی نے بھی ملاقات کی۔

Recommended Stories

Load Next Story