سندھ تقسیم کرنیوالوں کو نیست و نابود کر دینگے مولا بخش چانڈیو

انتخابات میں پی پی مخالفین کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، دہشت گرد عوام کو معذور بنانا چاہتے ہیں، وفاقی وزیر

پیپلزپارٹی نے سندھ کے عوام سے کوئی غداری نہیں کی ہے اور ہم سندھ کی تقسیم کرنیوالوں کو نیست و نابود کردیں گے۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پولیو ٹیم پر حملہ کرنے والے لاکھوں عوام کو معذور کرنا چاہتے ہیں جسے کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

سندھ کی تقسیم کرنے والے نیست و نابود ہوجائیں گے۔ الیکشن آنے پر دعویٰ کرنے والی جماعتوں کو چھپنے کے لیے جگہ نہیں ملے گی۔ یہ بات انھوں نے کھیانہ موری میں پیپلزپارٹی کے دفتر کا افتتاح اور پرچم کشائی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہاکہ شہید ذوالفقار بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کو جب حکومت ملی تو انہیں چیلنج کا سامنا کرنا پڑا اور انھوں نے ڈٹ کا مقابلہ کیا اور جب آصف علی زرداری کو حکومت ملی تو پورے پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیاں جاری تھیں مگر حکومت فوج اور عوام نے ملکر ان دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور آج یہ وہی دہشت گرد ہیں۔




جو پولیو مہم کو ناکام بنانے کے لیے دہشت گردانہ کارروائیاں کررہے ہیں اور ملک کے لاکھوں عوام کو معذور بنانا چاہتے ہیں، ان کے مذموم مقاصد کا ایک بار پھر حکومت ڈٹ کر مقابلہ کریگی۔ انھوں نے کہاکہ سندھ میں کوئی دوہرا بلدیاتی نظام نہیں ہے۔ پیپلزپارٹی نے سندھ کے عوام سے کوئی غداری نہیں کی ہے اور ہم سندھ کی تقسیم کرنیوالوں کو نیست و نابود کردیں گے۔ انھوں نے کہاکہ قوم پرست 3ماہ سے احتجاج کررہے ہیں مگر آج بھی سندھ قائم و دائم ہے۔ پیپلزپارٹی کی حکومت سندھ پر آنچ نہیں آنے دیگی۔ انھوں نے کہاکہ ٹنڈو جام اور اس کے گرد ونواح کی عوام کو ٹول ٹیکس کیلیے رعایت کے سلسلے میں فریال تالپور، وزیراعلیٰ سندھ سے بات کی ہے جلد اس مسئلے کو حل کردیا جائیگا۔
Load Next Story