آئندہ انتخابات میںقوم کے پاس غلطی کی گنجائش نہیں منورحسن

پرانے چہرے دوبارہ آ گئے توملک کسی بڑے حادثے کا شکارہوسکتا ہے، امیرجماعت اسلامی.

پرانے چہرے دوبارہ آ گئے توملک کسی بڑے حادثے کا شکارہوسکتا ہے، امیرجماعت اسلامی۔ فوٹو: فائل

جماعت اسلامی کے امیرسید منور حسن نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ کرپشن میں ملوث حکومتی شخصیات ،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کا راستہ روکنے کے لیے موثر اور فوری کارروائی کی جائے تاکہ لوٹ مار کے ذریعے اپنی جیبیں بھرنے والے ڈاکوآئندہ الیکشن میں عوام کودوبارہ اپنے جال میں نہ پھنسا سکیں۔

نیب کرپشن کے ساتھ ساتھ اس میں ملوث مجرموں کو بھی بے نقاب کرے اور لوٹی گئی قومی دولت کی ایک ایک پائی ان کے پیٹ پھاڑکرنکلوائی جائے،اپنے بیان میں منور حسن نے کہا کہ قوم کے پاس اب غلطی کی گنجائش نہیں اگر آئندہ انتخابات میں بھی وہی لوگ آگئے جنھوں نے ملک وقوم کو موجودہ گھمبیر حالات سے دوچار کیا ہے تو ملک کسی بڑے حادثے کا شکار ہوسکتا ہے۔منور حسن نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے نام پر پانچ سال تک بدترین آمریت مسلط رہی ،پارلیمنٹ کی متفقہ قراردادوں پرعمل درآمدکے بجائے ان کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا گیا۔




عدلیہ کے ساتھ تصادم اور محاذآرائی عروج پر رہی جس نے ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کے تمام حکومتی دعوئوں کی قلعی کھول دی،اب زرداری کی طرف سے مزید پانچ سال کا تقاضا قوم کے ساتھ سنگین مذاق ہے ۔ انھوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی ضروریات زندگی میسرنہیں،مہنگائی، غربت اور بے روزگاری نے وباکی شکل اختیارکرلی جس کی وجہ سے لوگ فاقہ کشی پرمجبور ہیں،بجلی اورگیس کی لوڈ شیڈنگ اور تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے،ان حالات میں ضروری ہے کہ آئندہ انتخابات میں قوم دیانت دار قیادت کا انتخاب کرے تاکہ اپنی آزادی اورخود مختاری کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مستقبل محفوظ بنایاجاسکے۔
Load Next Story