ڈالرکے اوپن مارکیٹ وانٹربینک ریٹس میں28روپے کافرق

انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قدر104.90اور اوپن مارکیٹ میں 107.70 روپے ہے

2 ہفتے کے اندر ڈالر کی قیمت107روپے پر لے آئیں گے،چیئرمین فاریکس ایسوسی ایشن فوٹو : فائل

امریکی ڈالر کے اوپن مارکیٹ اور انٹربینک ریٹس میں 2.80 روپے کا نمایاں فرق پیدا ہوگیا ہے، انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر104.90 روپے جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر107.70 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

منی مارکیٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نومبر2016 کے دوران اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 108 روپے سے تجاوز کرگئی تھی جس پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ڈالر کی قدر بڑھنے کی وجوہ سے آگاہی کے لیے فاریکس ایسوسی ایشن کو طلب کیا۔ دوران اجلاس فاریکس ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بتایا کہ پاکستان سے ایئرپورٹس کے ذریعے زرمبادلہ کی اسمگلنگ اوردبئی سے اسمگل شدہ زرمبادلہ کے عوض خریدے گئے سونے کی اسمگلنگ امریکی ڈالر کی قدر میں ہوشربا اضافے کا باعث ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ فاریکس ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیرخزانہ اسحق ڈار کو بھی مکتوب ارسال کیا تھا ۔


جس میں ان ایئرپورٹس کی نشاندہی کی گئی تھی جہاں سے منظم گروہ زرمبادلہ اورسونے کی اسمگلنگ کررہا ہے، بعد ازاں فاریکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان کی قیادت میں وفد نے چیف کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ ساؤتھ زاہدکھوکھر سے ملاقات کرکے انہیں حقائق سے آگاہ کیا جس پر چیف کلکٹرکسٹمز نے سندھ بلوچستان کے ایئرپورٹس پر فضائی مسافروں کی جانچ پڑتال مزید سخت کرنے کے احکام جاری کیے اور ان احکام کے فوری بعد ہی کراچی ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے امارات ایئرلائن سے آنے والی ایک خاتون مسافر کی جانچ پڑتال کے دوران 40 لاکھ روپے مالیت کا سونا اورقیمتی موبائل فونز برآمد کیے۔

ملک بوستان نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ کسٹمز حکام کی نشاندہی شدہ ایئرپورٹس پر ریڈالرٹ ہونے کی وجہ سے زرمبادلہ اور سونے کی اسمگلنگ رکنے سے اوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں بھی نمایاں کمی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جمعہ کو15 روزہ وقفے کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر30 پیسے گھٹ کر107.70 روپے کی سطح پر آگئی جبکہ فاریکس ایسوسی ایشن نے آئندہ 2 ہفتوں میں ڈالر کی قدر کو107 روپے کی سطح پر لانے کا ہدف مقررکیا ہے۔
Load Next Story