عدالت نے کالعدم تنظیم کے 3 ملزمان کا جسمانی ریمانڈ دیدیا

لین دین کے تنازع پر شمس الدین کو قتل کرنیوالے ملزمان کا جسمانی ریمانڈ دیدیا گیا

ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے اور تخریب کاری کی منصوبہ بندی کررہے تھے. فوٹو: فائل

جوڈیشل مجسٹریٹ غربی محمد افضل روشن نے شہر میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی کرنے والے کالعدم تحریک طالبان کے مبشر خان ، کوسٹل خان اور رسالت خان کو اقدام قتل ، پولیس مقابلہ، اسلحہ ایکٹ اور دھماکا خیز مواد رکھنے کے الزام میں 24 اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ پر سی آئی ڈی پولیس کی تحویل میں دیدیا ہے۔

جمعہ کو سی آئی ڈی پولیس نے ملزمان کو انتہائی سخت حفاظتی انتظامات میں عدالت میں پیش کیا اس موقع پرمقدمہ کے تفتیشی افسر انسپکٹر شبیر حسین نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے اور تخریب کاری کی منصوبہ بندی کررہے تھے، ملزمان کے فنگر پرٹنس کروانے ہیں تاکہ تفتیش کی جاسکے، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کرنا ہے جو اس وقت شہر میں موجود ہیں، استغاثہ کے مطابق سی آئی ڈی پولیس نے منگھوپیر میں چھاپہ مارکر ملزمان کو مقابلے کے بعد گرفتار کیا تھا اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوئے تھے۔




دریں اثناجوڈیشل مجسٹریٹ غربی سہیل احمد مشہوری نے لین دین کے تنازعے پر شہری کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار ملزمان محمد فراز ، طاہر احمد ، اعجاز ، چن زیب اور صغیر کو 25 دسمبر تک جسمانی ریمانڈ پرپولیس کی تحویل میں دے دیا ہے اسی مقدمے میں شکیل ، جمیل اور باسط علی تاحال مفرور ہیں،استغاثہ کے مطابق ملزمان نے 18نومبر 2012ء کو سائٹ میں شمس الدین کو لین دین کے تنازعے پر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔
Load Next Story