گمشدہ افراد کی بازیابی کے متعلق 4 درخواستوں پر نوٹس جاری جواب طلب

سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اکائونٹس کے آڈٹ کیخلاف حکم امتناع جاری کردیا

سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اکائونٹس کے آڈٹ کیخلاف حکم امتناع جاری کردیا۔ فوٹو: فائل

سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے4 گمشدہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق آئینی درخواستوں پر ہوم سیکریٹری سندھ ، ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ، انسپکٹر جنرل سندھ کے ساتھ ساتھ ڈپٹی اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت 11جنوری کو جواب داخل کرنیکی ہدایت کی ہے۔

درخواست میں سیکریٹری ہوم ڈپارٹمنٹ سندھ ، ڈائریکٹر جنرل رینجرز، آئی جی سندھ، سی سی پی او ،انچارج اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ، کریمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ سی آئی ڈی اور سعیدآباد،لانڈھی اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیارکیا ہے کہ ان کے رشتے داروں کو قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے دسمبر کے مہینے میں حراست میں لیا ہے لیکن ان کے کوائف نہیں بتائے جارہے اور نہ ہی انھیں کسی عدالت میں پیش کیا گیا ہے ، سعید آباد کی رہائشی مسماۃ زبیدہ سعید کے مطابق اس کا 25سالہ بیٹا سید ساجد15دسمبر سے رینجرز اہلکاروں کی حراست میں ہے، اسے ایک سرچ آپریشن کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔

درخواست گزار عامر حسین کے مطابق اسکے بیٹے محمد جمیل کو اورنگی ٹائون سے 13دسمبر کو قانون نافذ کرنیوالے ادارے کے اہلکاروں نے حراست میں لیا وہ خود کو سی آئی ڈی اہلکار ظاہر کررہے تھے ، لانڈھی کے محمد سعید کے مطابق اسکے بیٹے تاشفین کو رینجرز نے 16دسمبر کو حراست میں لیا تھا،اسی طرح شہناز بانو نے عدالت کوبتایاکہ اسکے بیٹے کو بھی سعید آباد سے 15 دسمبر کوحراست میں لیا گیاتھا تاہم اب ان کے بارے میں نہیں بتایاجارہا کہ وہ کہاں اورکس حال میں ہیں، نہ ہی انھیں کسی عدالت میں پیش کیاگیا ہے۔




علاوہ ازیںسندھ ہائیکورٹ نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اکاونٹس کے آڈٹ کے خلاف حکم امتناع جاری کرتے ہوئے آڈٹ کنٹریکٹ آئندہ سماعت 11جنوری تک کسی اور فریق سے نہ کرانے کی ہدایت کی ہے ، جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے یہ عبوری حکم امتناع میسرز قومی اینڈ کمپنی چارٹرڈ اکائونٹنٹس کی آئینی درخواست پر جاری کیا، درخواست میں موقف اختیارکیا گیاہے کہ واٹر بورڈ نے مئی 2011میں اپنے اکائونٹس برائے سال 2006-10کے آڈٹ کے لیے اظہار دلچسپی کیلیے اشتہار دیا.

درخواست گزار کمپنی کے درخواست دینے پر اسے اہل قراردیاگیا اور مختصر فہرست میں بھی شامل کرلیاگیا تاہم 9دسمبر کو کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے دوبارہ اشتہار دیا ہے اور اظہار دلچسپی کیلیے دستاویزات جمع کرانے کیلیے 24دسمبر تاریخ مقرر کی ہے، درخواست گزار کمپنی کے مطابق پہلے مرحلے پر اسے اہل قراردیاگیا اور شارٹ لسٹ میں شامل کیا گیا لیکن مدعاعلیہان کسی اور کمپنی کو یہ کنٹریکٹ دینا چاہتے ہیں۔
Load Next Story