گل دائودی شو کا افتتاح ہزاروں شہری باغ ابن قاسم پہنچ گئے

گیارہ مہینے بعد پھول کھلتے ہیں،گل دائودی سے لطف اندوزہونے کا یہ سنہری موسم ہے

مختلف شاہراہوںپر بڑی تعداد میں بھی موسمی پھول لگائے جائیں گے،متانت علی خان. فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر اہتمام 5 روزہ گل دائودی شو کا باقاعدہ افتتاح ہوتے ہی ہزاروں کی تعداد میں شہری خوبصورت اور دلکش پھولوں کو دیکھنے کیلیے اہلخانہ کے ہمراہ باغ ابن قاسم کلفٹن پہنچ گئے اور موسم سرما میں کھلنے والے ان پھولوں میں شہریوں میں بے انتہا دلچسپی پائی گئی۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے چیف آفیسر متانت علی خان نے ہفتہ کے روز 5روزہ گل دائودی کی نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈہارٹیکلچر نیاز احمد سومرو، ایڈمنسٹریٹر گلبرگ ٹائون لطیف لودھی، ڈائریکٹر پارکس عبداللہ مشتاق، معروف کرکٹر صادق محمد، سابق گورنر سندھ جہانگیر ارباب اور معززین شہر کی ایک بڑی تعداد موجود تھی، افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف آفیسر متانت علی خا ن نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ نے گل دائودی کی نمائش ہر سال منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور گل دائودی کی پرورش کیلیے مختلف مقامات پر سات نرسریاں قائم کی گئی ہیں۔


انھوں نے کہا کہ گو کہ اس پودے کی پرورش سرد علاقوں میں ہوتی ہے لیکن خصوصی نگہداشت اور توجہ کے باعث ساحلی شہروں میں بھی گل دائودی کو پالا جاسکتا ہے،گیارہ مہینے مسلسل پرورش اور نگہداشت کے بعد ایک ماہ کیلیے پھول اگتے ہیں جو اپنی خوبصورتی اور دلکشی میں سب سے نمایاں ہوتے ہیں، آج کی اس نمائش میں 72 اقسام اور رنگوں کے پھول رکھے گئے ہیں ،انھو ںنے کہا کہ موسم سرما کی یہ خصوصی دلکشی ہے اور گل دائودی سے لطف اندوز ہونے کا یہ سنہری موسم ہوتا ہے،چیف آفیسر نے کہا کہ پھول اور درخت قدرت کا انمول تحفہ ہیں،زندگی میں خوشی اور غمی کے موقع پر پھول ہمارے احساسات کی بھرپور ترجمانی کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پھولوں سے نہ صرف ایک خوشگوار احساس ابھرتا ہے بلکہ یہ ذہنوں میں ترو تازگی کا احساس پیدا کرنے میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں، انھوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹرکراچی محمد حسین سید کی ہدایت پر دس سال کے عرصے کے بعد بلدیہ عظمیٰ نے اس پانچ روزہ نمائش کا اہتمام کیا ہے تاکہ شہری ایک بار پھر موسم سرما کے ان پھولوں کو ایک جگہ دیکھ سکیں ،انھوںنے کہا کہ آئندہ سال بلدیہ عظمیٰ کراچی کی نرسریوں میں تیار ہونے والے پھولوں سے نمائش کے انعقاد کے ساتھ ساتھ شہریوں میںگل دائودی کے پودے مفت تقسیم کیے جائینگے۔

چیف آفیسر متانت علی خان نے کہا کہ اس قسم کی نمائشوں سے شہر کا سافٹ امیج سامنے آتا ہے اور شہری اپنی فیملی کے ممبران کے ساتھ ان نمائشوں میں شرکت کرتے ہیں، اس سال گلبرگ ٹائون نے بھی اس نمائش میں حصہ لیا ہے ،انھو ںنے کہا کہ شہر بھر کی مختلف شاہراہوں اور باغات میں بھی بڑی تعداد میں بھی موسمی پھول لگائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو اس موسم کے خوشگوار ہونے کا احساس ہو، انھوں نے شہریوں سے یہ درخواست کی کہ وہ اپنے گھروں میں موسم سرما کی مناسبت سے گل دائودی کی مختلف اقسام کے پھول لگائیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی انہیں بھر پور معاونت فراہم کرے گی۔
Load Next Story