32 ویںنیشنل گیمز کا رنگا رنگ تقریب میں افتتاح

ہینڈبال کے کھلاڑی مزمل محمود نے تمام دستوں سے کھیلوں کا حلف لیا۔

محمد شکیل نے سائیکلنگ ایک کلومیٹر ٹائم ٹرائل میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ فوٹو فائل

32 ویں نیشنل گیمزکا ریلوے اسٹیڈیم لاہور میں رنگارنگ تقریب میں افتتاح ہوگیا، ابتدائی روز تقریب میں پاکستان بھر سے آئے ہوئے3 ہزار سے زائد ایتھلیٹس نے مارچ پاسٹ کیا۔

سوئمر روحیل وقار نے شمع روشن کی،تقریب کے مہمان خصوصی انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے پاکستان میں ممبر سید شاہد علی تھے، مہمان خصوصی نے گیمز کے آغاز کا باقاعدہ اعلان کیا جس کے بعد ہینڈبال کے کھلاڑی مزمل محمود نے تمام دستوں سے کھیلوں کا حلف لیا۔گیمز میں13میں سے 10 یونٹ پنجاب، کے پی کے، سندھ، بلوچستان، فاٹا، اسلام آباد، واپڈا، پولیس، اور ریلویزکے کھلاڑی27 مینز اور 14 ویمنز مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ ریلوے اسٹیڈیم میں افتتاحی تقریب کو دیکھنے کیلیے تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو تالیاں بجا اور نعرے لگا کر مارچ پاسٹ کرنے والے کھلاڑیوں کو داد دیتی رہی۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عارف حسن نے کھیلوں میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا۔اس کے بعد رنگارنگ تقریب ہوئی جس میں مختلف اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا، انھوں نے ایروبکس کا مظاہرہ کیا جبکہ طالبات نے ملی نغمے بھی پیش کیے۔ پاکستان بھر سے آئے ہوئے ایتھلیٹس آپس میں گھل مل گئے اور گلوکاروں وبچوں کی پرفارمنس کو سراہا۔دریں اثنا32 ویں قومی کھیلوں کے پہلے روز والی بال اور سائیکلنگ کے مقابلے شروع ہوگئے، پنجاب اسٹیڈیم کے سامنے سائیکلنگ ویلوڈرم میں محمد شکیل نے ایک کلومیٹر ٹائم ٹرائل میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ خواتین ایونٹ میں واپڈا کی راحیلہ بانو نے 500 میٹر ریس میں پہلی پوزیشن پائی۔ والی بال میں واپڈا نے خیبر پختونخواکو3-0 سے ہرایا،ایچ ای سی نے پنجاب جبکہ واپڈا نے پنجاب کو اسی مارجن سے زیر کیا۔




علاوہ ازیں نیشنل گیمز میں اتوار کو والی بال خواتین مقابلے صبح دس سے دوپہر12 بجے تک واپڈا اسپورٹس کمپلیکس لاہور میں ہوں گے، پہلا میچ واپڈا بمقابلہ کے پی کے، دوسرا ایچ ای سی و پنجاب، تیسرا واپڈا و پنجاب، چوتھا ایچ ای سی وکے پی کے ، پانچواں پنجاب وکے پی کے جبکہ چھٹا میچ واپڈا بمقابلہ ایچ ای سی کھیلا جائے گا۔ مردوں کے والی بال مقابلے دوپہر 12 بجے سے 2 بجے تک ہوں گے, واپڈا کا سامنا پنجاب، پولیس کا پنجاب جبکہ واپڈا کا مقابلہ پولیس کے ساتھ ہوگا۔باکسنگ مقابلوں کی مختلف کیٹیگریز کے سیمی فائنل پنجاب کالج آف کامرس میں صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک ہوں گے۔

سائیکلنگ میں 3اور 4 کلو میٹر مینز و ویمنز انفرادی فائنل مقابلے ہوں گے۔ فٹبال میچز ماڈل ٹائون کے 2گرائونڈز میں شیڈول ہیں،اسلام آباد کا مقابلہ کے پی کے جبکہ پنجاب کا سامنا سندھ سے ہوگا۔جمناسٹک مقابلے صبح10سے شام 5بجے تک گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں شیڈول ہیں، ہینڈ بال میں پہلا میچ واپڈا اور پولیس کے درمیان یونیورسٹی آف ایگری کلچرل فیصل آباد میں دوپہر دو بجے ہوگا، لان ٹینس مقابلے روزانہ دوپہر 2سے شام 4بجے تک باغ جناح میں ہوںگے۔
Load Next Story