بجلی ٹیرف میں اضافے پر واٹر بورڈ عدالت سے رجوع کریگی

نیپرا میں درخواست مسترد ہونےپرواٹربورڈ کااحتجاج،کمرشل بل کی وصولی سےاخراجات میں 40کروڑاضافہ ہوگا،مصباح الدین فرید.

نیپرا میں درخواست مسترد ہونے پر واٹر بورڈ کااحتجاج،کمرشل بل کی وصولی سے اخراجات میں 40 کروڑ اضافہ ہوگا، مصباح الدین فرید۔ فوٹو: فائل

کرا چی واٹر اینڈ سیوریج بورڈنے کے ای ایس سی کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں اضافے کے ٹیرف کے خلاف نیپرا میں واٹر بورڈ کی درخواست مسترد کیے جانے پر آئین کے آرٹیکل 199کے تحت عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور واٹر بورڈ کا موقف مسترد کیے جانے پر احتجاج کیا ہے.

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر مصباح الدین فرید کے مطابق کے ای ایس سی نے چند ماہ قبل بجلی کے نرخوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا اور نیپرا نے اس کی منظوری دیدی تھی اس پر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے نیپرا میں ایک درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ واٹر بورڈ دنیا کا واحد ادارہ ہے کہ جو اپنے عوام کو انتہائی سستے داموں فراہمی آب کی سہولت فراہم کر رہا ہے اس کے تحت دھابیجی کے مقام پر دنیا کا سب سے بڑ ا پمپنگ اسٹیشن کام کر رہا ہے یہ ادارہ شہریوں کو200 کلو میٹر کی مسافت سے پانی پمپنگ کے تین مختلف مراحل سے گزار کر فراہم کرتا ہے۔




یہ کام کمرشل بنیادوں پر نہیں بلکہ حکومتی ادارے کے طور پر انجام دیا جا رہا ہے مگر کے ای ایس سی کے ٹیرف میں خدمت کے ادارے واٹر بورڈ کو اور کراچی میں چلنے والی کسی انڈسٹری کو ایک ہی صف میں لا کھڑا کیا ہے واٹر بورڈ روز اول سے یہ مطالبہ کرتا چلا آ رہا ہے کہ فراہمی آب کے اس ادارے کے لیے اسپیشل ٹیرف متعارف کرایا جائے ستم ظریفی یہ ہے کہ اس مطالبے پر غور کرنے کے بجائے نیپرا نے کے ای ایس سی کے ٹیرف میں اضافہ کردیا اور کے ای ایس سی نے یہ ٹیرف دیگر انڈسٹریز کی طرح واٹر بورڈ پر بھی لاگو کر دیا جس سے واٹر بورڈ کو ماہوار 40کروڑ روپے کے اضافی بوجھ کا سامنا کرنا پڑے گا۔
Load Next Story