کراچی میں ٹارگٹ کلنگ 12افراد ہلاک اجمیر نگری تھانے پر بم سے حملہ

شاہ فیصل کالونی میںجنرل اسٹور کا مالک قتل، ناظم آباد ، پٹیل پاڑہ ،جہانگیر روڈ، ماڑی پوراور کورنگی میں بھی ہلاکتیں

موٹرسائیکل سوار پولیس ہیڈکوارٹرز پر دستی بم پھینک کرفرار، 9 افراد زخمی، زخمیوں میں 2 بھائی اور باپ بیٹا بھی شامل، اگر بم لوگوں کے زیادہ قریب پھٹتا تو بڑا نقصان ہوسکتا تھا،حکام۔ فوٹو: فائل

شہر میں اتوار کو ٹارگٹ کلنگ اور پر تشدد واقعات میں پولیس کے اسپیشل برانچ K-9یونٹ کا ہیڈ کانسٹیبل سمیت12افراد ہلاک اور6زخمی ہوگئے ہوئے۔

گارڈن میں زخمی ہونے والا متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن اور جمعے کو صدر ایمپریس مارکیٹ میں فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 2 افراد دوران علاج چل بسے۔ ناظم آباد نمبر2 پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل کالونی نمبر ایک حنفیہ مسجد کے قریب واقع عظمت جنرل اسٹور پر موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں جنرل اسٹور کا مالک زخمی ہو گیا۔ اسے فوری طور پر جناح اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

متوفی کی شناخت 50 سالہ عظمت علی ولد رحمت علی کے نام سے ہوئی ہے جو مکان نمبر 2/212 شاہ فیصل کالونی نمبر 2 کا رہائشیتھا۔ ایس ایچ او شاہ فیصل کالونی نسیم فاروقی کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔ بعدازاں متوفی عظمت علی کی نماز جنازہ حسینی مشن امام بار گاہ میں ادا کی گئی اور تدفین سپر ہائی وے پر وادی حسینؓ قبرستان میں ادا کردی گئی۔جمشید کوارٹرز کے علاقے جہانگیر روڈ پر موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے 2 افراد کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔

زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال پہنچایا گیا جہاں ایک زخمی دم توڑ گیا، پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 45 سالہ شکیل محمد ولد فقیر محمد اور زخمی کی40 سالہ غلام مصطفیٰ ولد غلام محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے بلوچ پاڑے کے رہائشی ہیں اورآپس میں دوست تھ۔ دونوں روزانہ صبح چہل قدمی کیا کرتے تھے اور اتوار کو بھی معمول کے مطابق چہل قدمی کر رہے تھے کہ ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنے۔ پولیس نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے7خول اور 30 بور پستول کے 3خول ملے ہیں۔ زخمی شخص کی دوران علاج ہلاک کی خبر ملتے ہی بڑی تعداد میں مشتعل افراد جہانگیر روڈ پر جمع ہو گئے اور انھوں نے پتھرائو اورجھلائو گھیرائو کرکے ٹریفک معطل کردیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دینے کا بھی مطالبہ کیا۔




بعدازاں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحا ل کو کنٹرول میں کر لیا اور جہانگیر روڈ پر ٹریفک کی روانی بحال کرادی گئی۔ نیپیئر کے علاقے لانچھور لائن نشتر روڈP-1 منی بس اسٹاپ اور عباسی چوک کے قریب ناملعوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ہیڈ کانسٹیبل33 سالہ محمد اسلم ولدعلی محمد کو سر میں 2گولیاں مارکر قتل کردیا۔ متوفی مکان نمبر111/4 بہار کالونی لیاری کا رہائشی اور غیر شادی شادہ تھا،وہ گارڈن ہیڈ کوارٹرز میں قائم اسپیشل برانچ K-9 یونٹ میں تعینات تھا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔ ماڑی پور کے علاقے ہاکس بے روڈ پر فائرنگ سے25 سالہ شخص ہلاک ہو گیا، ورثا کارروائی کیے بغیر لاش سول اسپتال سے اپنے ساتھ لے گئے۔

ایس ایچ او تھانہ ماڑی پور محمد افتخار کے مطابق ہلاک شخص کی شناخت 25 سالہ کامران ولد شفقت کے نام سے ہوئی ہے اور ہلاک ہونے والے شخص کا تعلق کالعدم تنظیم پیپلز امن کمیٹی سے ہے۔ واقعہ اندرونی چپقلش کا نتیجہ بتایا جاتاہے۔کورنگی انڈسٹرل کے بند نمبر 5 ندی سے 35 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جسے پولیس کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ایس ایچ او تھانہ کورنگی انڈسٹرل ایریا محمد نعیم نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ متوفی شخص پینٹ اور شرٹ پہنی ہوئے ہے اور اسے تشدد کرنے کے بعد قتل کیا گیا۔ ناظم آباد نمبر 2 کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ ایس ایچ او تھانہ ناظم آباد چنگیز خان کے مطابق ہلاک شخصاکی شناخت 22 سالہ سلیم ولد شیر خان کے نام سے ہوئی ہے جومیٹروول سائٹ کا رہائشی تھا۔ مرنے والا ڈاکو تھا اور واقعہ لوٹ مار کی واردات کے دوران پیش آیا۔

ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب گارڈن کے علاقے میں بادشاہی روڈ پر واقع عظیم پلازہ کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والا 25 سالہ محمد عامر ولد نظام الدین زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے سول اسپتال میں جاں بحق ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی ایم کیو ایم کے عہدیداران اورکارکنان کی بڑی تعداد سول اسپتال پہنچ گئی۔ ایس ایچ او تھانہ گارڈن فتح محمد کے مطابق جاں بحق ہونے والا دھوبی گھاٹ گلی نمبر 6 کا رہائشی تھا۔ ہفتے اوراتوار کی درمیان شب عظیم پلازہ بابا فرید بیکری کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کلاشنکوف سے اندھا دھند فائرنگ کر کے زخمی کیا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ متوفی محمد عامر متحدہ قومی موومنٹ کے لیاری سیکٹر یونٹ نمبر32 کا کارکن اوردوسرا زخمی شخص شہروز متحدہ کا ہمدرد ہے۔

جمعے صدرایمپریس مارکیٹ میں فائرنگ سے زخمی ہو نے والے آصف ولد عبدالمجید اورحبیب اللہ خان ولد وزیر خان دوران علاج جناح اسپتال میںدم توڑ دیئے۔ حبیب اللہ خان کی نماز جناہ ایمپریس مارکیٹ میں ادا کی گئی اور بعد ازاں میت کومقتول کے آبائی گائوں کوئٹہ پشین روانہ کردیا گیا۔متوفی پختوانخواہ پارٹی کا کارکن تھا۔ پاک کالونی میں واقع لیاری ندی کے قریب سے 33 سالہ شخص کی تشدد زدہ لاش مل۔ پاک کالونی پولیس کے مطابق متوفی پرانا گولیمار کا رہائشی اور 3 بچوں کا کام تھا۔ متوفی مستری کا کام کیا کرتا تھا جبکہ متوفی کی شناخت اس کے بھائی حسن نے کی ہے۔ اونگی ٹائون کے علاقے اردو چوک کے قریب فائرنگ سے 24 سالہ جنید ولدریاض زخمیجبکہ اورنگی ٹائون سیکٹر ساڑھے 11میں6 سالہ بچہ عثمان ولد دانش زخمی ہو گیا۔

نارتھ کراچی سحر سینٹر کے قریب فائرنگ سے 35 سالہ مہتاب ولد شریف زخمی ہو گیا۔ناظم آباد کے علاقے گول مارکیٹ میں واقع گوشت مارکیٹ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے زہیر ولد الیاس اور30 سالہ منیر حسین کاظمی ولد حامد حسین کاظمی زخمی ہو گئے۔ بعد ازاں منیر کاظمی دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ مقتول متحدہ قومی موومنٹ گلبہار سیکٹر یونٹ 183کا کارکن تھا۔ زہیر کے ماتھے پر گولی لگی ہے اور اس کی حالت تشویشناک ہے۔ پٹیل پاڑہ کے قریب کے رہائشی22 سالہ وقار ولد فاروق کو اس کے ماموں فیاض عرف چینا نے گھر میں فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ۔

Recommended Stories

Load Next Story