بلاول بینظیر کی برسی پر پارٹی پالیسی کا اعلان کرینگے قائم علی شاہ

صدر کی وجہ سے جمہوریت مضبوط ہوئی،پیپلز پارٹی 5سالہ آئینی مدت پوری کرنے جارہی ہے

لاڑکانہ: وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ پارٹی کارکنوں سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

KARACHI:
وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری 27دسمبر کو شہید بینظیر بھٹو کی 5ویں برسی پر جلسہ عام میں اپنی سیاسی سرگرمیوں کا باضابطہ طور پر اعلان کرکے مستقبل میں پارٹی پالیسی کا اعلان کریں گے۔

صدر زرداری کی سیاسی بصیرت کی وجہ سے جمہوریت مضبوط ہوئی، پیپلز پارٹی اپنی 5 سالہ آئینی مدت پوری کرنے جارہی ہے، بینظیر بھٹو کی 5ویں برسی کو نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا، قائدین 5سالہ حکومتی کارکردگی پر روشنی ڈالیں گے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کو وفاقی وزیر خورشید شاہ، صوبائی وزیر آغا سراج درانی، ایاز سومرو کے ہمراہ شہدائے بھٹو کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

قائم علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے وجود میں آتے ہی مخالفین نے سازشیں شروع کردی تھیں لیکن حکومت نے عوامی خدمت جاری رکھی۔ وزیراعلیٰ نے خیبرپختونخوا کے سینئر صوبائی وزیر بشیر احمد بلور کی شہادت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بشیر احمد بلور جمہوری ذہن رکھتے تھے، ان کی جمہوریت کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔




علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ نے وفاقی و صوبائی وزرا کے ہمراہ نو ڈیرو ٹائون ہال میں ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کے علاوہ پیپلز پارٹی رتو ڈیرو کی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کی بھی صدارت کی، انھوں نے برسی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا۔

دریں اثناء وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے گمبٹ پہنچ کر درگاہ غوثیہ کے سجادہ نشین پیر سید اسد اللہ شاہ کے انتقال پر انکے فرزند سید ابو صالح محمد شاہ، پیر سید گل شاہ، ڈی آئی جی کرائم برانچ سید قربان علی شاہ سے تعزیت کی، اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے، فنکشنل لیگ کا حیدرآباد کا جلسہ عوامی جلسہ نہیں تھا، بلدیاتی نظام کی مخالفت کرنے والے ضیاء الحق کی پیداوار ہیں، فنکشنل لیگ کے جلسے کا جواب 27دسمبر کو دیں گے۔
Load Next Story