اراکین اسمبلی اور ایڈمنسٹریٹرز کی جانب سے مسیحی افراد میں راشن تقسیم

گرجاگھروں میں ایم کیوایم کے قائدکی جانب سے کیک کی تقسیم،مسیحی برادری کوسہولیات فراہم کی جائیں، ٹائون ایڈمنسٹریٹرز.

گرجاگھروں میں ایم کیوایم کے قائدکی جانب سے کیک کی تقسیم،مسیحی برادری کوسہولیات فراہم کی جائیں، ٹائون ایڈمنسٹریٹرز. فوٹو : اے ایف پی / فائل

ارا کین قومی و صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالقادر خانزادہ، منور لال، سیف الدین خالدنے ایڈمنسٹریٹر اورنگی ٹائون قمر شیخ کے ہمراہ مسیحی آبادیوں میں رہائش پذیر ضرورت مندوں میں اجناس تقسیم کیں اورمسیحی آبادیوں میں جاری استرکاری کے کاموں کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ڈاکٹرعبدالقادر خانزادہ نے اقلیتی نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حق پرست نمائندے عوام کی بلا امتیاز خدمت کررہے ہیں خصوصاً اقلیتی برادری کو ان کے تہوار کے موقع پر تمام تر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ممکن بنانے کیلیے بھرپور جدوجہد کررہے ہیں، رکن قومی اسمبلی ساجد احمد نے ملیر ٹائون میں کرسمس کے حوالے سے غریب مسیحی ملازمین اور خاندانوں میں راشن تقسیم کیا، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ اسلام مساوات کا درس دیتا ہے اورغیر مسلموں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، اس موقع پرایڈمنسٹریٹر ملیر ٹائون ڈاکٹر مختار پلیجو اور دیگر افسران بھی موجود تھے، صوبائی وزیر عبدالحسیب نے ایڈمنسٹریٹر سائٹ ٹائون عمران اسلم کے ہمراہ ٹائون میں واقع مختلف گرجاگھروں میں ایم کیوایم کے قائدالطاف حسین کی جانب سے کرسمس کیک تقسیم کیے۔

اس موقع پر انھوں نے کہاکہ مسیحی برادری کرسمس کے موقع پر ملکی سلامتی اور امن وامان کیلیے خصوصی طور پر دعا مانگیں، رکن صوبائی اسمبلی معین عامر پیرزادہ نے ایڈمنسٹریٹر کورنگی ٹائون سمیع خان کے ہمراہ یونین کونسل8 میں زیر تعمیر سڑکوں کا معائنہ کیا، اس موقع پر انھوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کے فکروفلسفے پر عمل کرتے ہوئے بلاتفریق رنگ ونسل عوامی خدمت کو یقینی بنارہے ہیں، ایڈمنسٹریٹر لیاری ٹائون محمد رئیسی نے ککری گرائونڈ نرسری کا دورہ کیا، اس موقع پر انھوں نے کہاکہ لیاری میں سرسبز پارک ہی عوامی تفریح کا واحد ذریعہ ہیں لہٰذا پارکوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے، ا یڈمنسٹریٹر گلشن اقبال شفیق الرحمن نے ہدایت کی کہ کرسمس سے قبل مسیحی برادری کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو مکمل کیاجائے۔




گرجا گھروں کے اطراف صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس کی درستگی و دیگر بلدیاتی خدمات کو جلد از جلد مکمل کر لیا جائے، ایڈمنسٹریٹر لانڈھی ٹائون راشدخان نے کہا ہے کہ لانڈھی ٹائون کو کلین اینڈ گرین بنایاجارہا ہے اس سلسلے میں پارکوں کی تعمیر ومرمت کے کاموں کے علاوہ ٹائون کی تمام بڑی مرکزی شاہراہوں پر خوبصورت گرین بیلٹس تعمیر کی گئی ہیں، رکن سندھ اسمبلی حنیف شیخ نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ٹائون ظفرمجاہدکے ہمراہ ٹائون میں جاری صفائی ستھرائی کے کاموںکا جائزہ لیا۔

اس موقع پر انھوں نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو تمام ممکنہ سہولیات پہنچائی جارہی ہیں، ایڈمنسٹریٹر شاہ فیصل ٹائون کمال مصطفی نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو ہدایت جاری کی ہے کہ شاہ فیصل ٹائون کی تمام یونین کونسل میں غیر قانونی فراہمی آب کے کنکشن اور برساتی نالوں میں سیوریج کنکشن کی روک تھام کیلیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے یوسی 3میں سیوریج لائن کی تنصیب کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے کیا، رکن قومی اسمبلی عبدالوسیم نے کہا ہے کہ حق پرست قیادت دیانت دار اور محنتی ملازمین کی حوصلہ افزائی کرنے پر یقین رکھتی ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے نیوکراچی ٹائون میں ترقی پانے والے ملازمین کو پروموشن لیٹر دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر نیوکراچی ٹائون آفاق سعید بھی موجود تھے۔
Load Next Story