جے ایس ٹی اور پی ایس ٹی کے ٹیسٹ کیلئے منصوبہ بندی تبدیل

سائنس اور جنرل گروپ کے ٹیسٹ علیحدہ دنوں میں ہونگے،مراکزکی تعداد 5 سے بڑھاکر9کردی گئی ہے.

شہرکی غیریقینی صورتحال کے سبب عملے کو تاخیر ہوئی،اب ایسانہیں ہوگا، سربراہ این ٹی ایس کراچی عمران خان. فوٹو: فائل

این ٹی ایس (نیشنل ٹیسٹنگ سروس) نے جے ایس ٹی اور پی ایس ٹی کے تحریری ٹیسٹ کے انعقاد کے سلسلے میں کی گئی منصوبہ بندی تبدیل کردی ہے۔

منصوبہ بندی میں تبدیلی کافیصلہ اسکول اساتذہ کی بھرتیوں کے سلسلے میں ایچ ایس ٹی کے منعقدہ ٹیسٹ میں بدنظمی کے واقعات کے ضمن میں کیا گیا ہے اوراس سلسلے میں جے ایس ٹی اور پی ایس ٹی کے تحریری ٹیسٹ ضابطوں کی بنیاد پر دوحصوں میں تقسیم کردیے گئے ہیں فیصلے کے مطابق جے ایس ٹی اور پی ایس ٹی کے تحریری ٹیسٹ کے سلسلے میں سائنس اورجنرل گروپ کے پرچے علیحدہ علیحدہ دنوں میں لیے جائیں گے جبکہ کراچی میں امتحانی مراکزکی تعداد بھی بڑھادی گئی ہے ''ایکسپریس''کے رابطہ کرنے پر این ٹی ایس کراچی کے سربراہ عمران خان نے بتایاکہ ایچ ایس ٹی میں رونما ہونے والے بعض واقعات کے بعد کراچی میں جے ایس ٹی ٹیسٹ میں امیدواروں کی تعدادکودیکھتے ہوئے مراکز کی تعداد 5 سے بڑھاکر9کردی گئی ہے ان مراکزکااعلان 27 دسمبرکوکردیا جائیگا۔




جبکہ جے ایس ٹی ٹیسٹ کا ماڈل پیپر بھی این ٹی ایس کی ویب سائٹ پر جلد جاری کیاجائے گا،واضح رہے کہ جے ایس ٹی کے امتحان میں ایک لاکھ 55 ہزارامیدوار شریک ہورہے ہیں جن میں 60 ہزار امیدواروں کا تعلق کراچی سے ہے جبکہ پی ایس ٹی میں شریک ہونے والے امیدواروں کی تعداد ساڑھے 3 لاکھ ہے این ٹی ایس کے سربراہ کے مطابق 9 جنوری کوجے ایس ٹی کے سلسلے میں جنرل گروپ اور 10 جنوری کوسائنس گروپ کے امیدوار پرچہ دینگے مزید براں 19 جنوری سے 22 جنوری کے دوران ہونے والے پی ایس ٹی کے تحریری ٹیسٹ کو بھی جنرل گروپ اور سائنس گروپ کی بنیاد پرعلیحدہ علیحدہ دنوں میں تقسیم کیاگیا ہے۔

عمران خان کاکہناتھاکہ جے ایس ٹی کے امیدواروں کو31 دسمبرتک ایڈمٹ کارڈ بھجوادیے جائیں گے پیرکوایچ ایس ٹی کے تحریری ٹیسٹ میں عملے کے تاخیر سے پہنچنے اوراس حوالے سے بدنظمی کی شکایت پرعمران خان کاکہناتھاکہ ہفتہ کی شب پشاور میں بم دھماکے کے بعد شہرمیں صورتحال غیریقینی ہوگئی تھی جس کے سبب اتوارکی صبح این ٹی ایس کاعملہ تاخیر سے پہنچا تاہم اب ایسا نہیں ہوگا اورعملے کوبروقت پہنچنے کا پابند کیا گیا ہے۔

 
Load Next Story