جامعہ اردو وی سی کیلیے 4 نام سینیٹ کو بھجوا دیے گئے

پروفیسرظفراقبال، پروفیسرشمس الدین، فتح محمد ملک اور پروفیسر قمرالحق شامل ہیں.

ان ناموں میں سے کسی تین کے انتخاب کیلیے سینیٹ کااجلاس رواں یاآئندہ ہفتے ہوگا فوٹو: فائل

وفاقی اردویونیورسٹی میں وائس چانسلرکے انتخاب کے لیے قائم ''تلاش کمیٹی''نے انٹرویوکے بعدچارامیدواروں کے ناموں کوحتمی شکل دے کرنام سینیٹ کوبھجوادیے ہیں۔

ان ناموں میں سے کسی تین کے انتخاب کے لیے سینیٹ کااجلاس رواں یاآئندہ ہفتے ہوگا،وائس چانسلرکے انتخاب کے لیے سینیٹ کوبھجوائے جانے والے ناموں میں جامعہ کراچی کے موجودہ رئیس کلیہ پروفیسرڈاکٹرظفراقبال،سابق رئیس کلیہ فنون پروفیسر ڈاکٹر شمس الدین،اسلامک یونیورسٹی کے سابق ریکٹرفتح محمد ملک اوراردویونیورسٹی کے موجودہ رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر قمر الحق کے نام شامل ہیں، اس سلسلے میں تلاش کمیٹی کااجلاس پیر کو گورنرہائوس میں ایچ ای سی کے چیئرمین اورکمیٹی کے سربراہ ڈاکٹرجاوید لغاری کی صدارت میں ہواجس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلرکے7امیدوارانٹرویوکے لیے شریک ہوئے، اجلاس میں اردویونیورسٹی کے وائس چانسلر اور کمیٹی کے رکن پروفیسرڈاکٹرمحمد قیصر،نوشاد شیخ، ڈاکٹر معصومہ، ڈاکٹرتوصیف احمد اورڈاکٹرزاہد شریک ہوئے تاہم کمیٹی کے ایک رکن ممتاز الرحمن اجلاس میں شریک نہیں تھے۔




اجلاس میں شریک ایک رکن نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ اجلاس میں ڈاکٹرجاوید لغاری اورڈاکٹرنوشاد شیخ کی جانب سے فتح محمدملک کانام منتخب امیدواروں کی فہرست میں دوسرے نمبرپرلائے جانے کے لیے اصرارکیاجاتارہاتاہم پی ایچ ڈی نہ ہونے کے سبب اردویونیورسٹی کے وائس چانسلرسمیت دیگرچند اراکین فتح محمد ملک کوفہرست میں دوسرے نمبرپرشامل کرنے کوتیارنہیں ہوئے جس کے بعد ان کانام تیسرے پرشامل کیاگیا،فتح محمد ملک 2008میں بھی اردویونیورسٹی کے وائس چانسلرکے امیدواروں میں شامل تھے تاہم پی ایچ ڈی نہ ہونے کے سبب ان کانام مستردکردیاگیاتھا، علاوہ ازیں یونیورسٹی کے رجسٹرارپروفیسرقمرالحق کے مطابق سینیٹ کااجلاس 30دسمبریا5جنوری کوبلایاجارہاہے حتمی تاریخ آج طے کرلی جائے گی۔
Load Next Story