ون ڈے کپ این بی پی کیخلاف کامران اکمل کی سنچری

 واپڈا نے مقابلہ98رنز سے جیت لیا، سلمان بٹ نے47کی اننگز کھیلی، محمد عرفان نے 4 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔

احمد شہزاد کے 71رنز رائیگاں، محمد حفیظ کی فاتحانہ ففٹی، یوبی ایل کیخلاف کے آر ایل 8 وکٹ سے فتحیاب، سوئی سدرن گیس کا پی آئی اے پر غلبہ۔ فوٹو: فائل

پی سی بی کے تحت ون ڈے کپ ڈپارٹمنٹس کرکٹ ٹورنامنٹ میں واپڈا نے نیشنل بینک کو98 رنزسے شکست دیدی،تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے سنچری بنائی، فاتح کپتان سلمان بٹ 47 رنز بناکر نمایاں رہے،دراز قامت پیسر محمد عرفان نے 4 شکار کیے، حبیب بینک کو سوئی ناردرن گیس نے 6 وکٹ سے قابو کرلیا۔ احمد شہزاد کے71رنز رائیگاں گئے جبکہ فاتح ٹیم کیلیے محمد حفیظ نے ناقابل شکست ففٹی بنائی، یوبی ایل کیخلاف کے آر ایل نے 8 وکٹ سے کامیابی کو گلے لگالیا،سوئی سدرن گیس نے پی آئی اے کو 7وکٹ سے مات دیدی،اویس ضیا نے 56 کی اننگز کھیلی، عادل امین53 پر ناقابل شکست رہے۔

تفصیلات کے مطابق ون ڈے کپ ڈپارٹمنٹس کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میچز میں حیدرآباد میں منعقدہ میچ میں واپڈا نے نیشنل بینک کو98 رنزسے شکست دے دی، ناکام سائیڈ نے ٹاس جیت کر بولنگ کی، فاتح الیون نے تمام وکٹیں گنواکر مقررہ 50 اوورز میں 285 رنزجوڑے، کامران اکمل نے سب سے زیادہ 120رنز بنائے، انھوں نے117 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 13چوکے جڑے، ایک چھکا بھی ان کی اننگزکا حصہ رہا،کپتان سلمان بٹ 47 رنزبناکر پویلین واپس ہوئے، انھوں نے 66 گیندوں کاسامنا کرتے ہوئے2 بارگیندکو باؤنڈری لائن کے پار بھی پہنچایا، ایاز تصور 43رنز بناکر نمایاں رہے، ذوالفقار بابر28 پر ناٹ آؤٹ رہے، عرفان نے3 جبکہ کامران غلام، یاسر حسین اور بلال آصف نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔


این بی پی کی ٹیم جوابی اننگز میں 46.5 اوورز میں 187 پر ہمت ہارگئی، عثمان صلاح الدین 49 اور بلال آصف 36رنز بناکر مزاحمت کرپائے، فیضان خان نے28 اوراحسن حفیظ نے20 رنز اسکور کیے، دراز قامت قومی بولر محمد عرفان نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 25رنزکے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، خالد عثمان نے 3 وکٹیں لیں۔حبیب بینک کو سوئی ناردرن گیس نے 6 وکٹ سے قابو کرلیا، بینک کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 45 اوورز میں تمام وکٹیں گنواکر193رنز جوڑے، احمد شہزاد71 اورآفتاب عالم45 رنزکے ساتھ نمایاں رہے، اوپنر امام الحق 16رنز بناکر میدان بدر ہوئے، عمران خالد نے 4 اورمحمد حفیظ نے2 وکٹیں حاصل کیں، سوئی ناردرن گیس نے ہدف 42.4 اوورز میں 4 وکٹ پر پالیا، عمران بٹ70اور قومی اوپنر محمد حفیظ 55 رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، افتخار احمد نے ناقابل شکست 47 رنز بنائے۔ عماد بٹ، فہیم اشرف، زوہیب خان اور فخر زمان نے ایک ایک وکٹ لی۔

یوبی ایل کیخلاف کے آر ایل نے 8 وکٹ سے کامیابی کو گلے لگالیا، ٹاس ہارنے والی ناکام سائیڈ 43.3 اوورز میں 152 تک محدود رہی، ٹاپ فور بیٹسمین یکسر ناکام رہے، ٹیسٹ اوپنر شان مسعود کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے، گلریز صدف4، عمرصدیق 3 اور صہیب مقصود0 پر پویلین لوٹ گئے، سعید بن ناصر نے 52 کی اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن کو قدرے مستحکم کیا، کرامت علی20 اور حماد اعظم17رنز بناکر ان کے معاون ثابت ہوئے، صدف حسین نے 3 جبکہ نعمان علی اور احمد بشیر نے 2،2 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، کے آر ایل کی جوابی مہم کا آغاز بھی پُراعتماد نہیں رہا، اوپنرز جنید علی (7) اور نواز احمد (1) نے آتے ہی جانے کی ٹھانی۔اس کے بعد شعیب احمد اور عبدالرحمان مزمل نے تیسری وکٹ کیلیے 146 کی ناقابل شکست شراکت بناکر ٹیم منزل تک پہنچادیا، ٹیم نے 31.5 اوورز میں 155 رنز بنائے،شعیب 80اورمزمل 60 پر ناٹ آؤٹ رہے۔

سوئی سدرن گیس نے پی آئی اے کو 7وکٹ سے مات دے دی، فاتح ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، قومی ایئرلائنز نے 34 اوورز فی اننگز تک محدود میچ میں 9 وکٹ کھوکر177رنز اسکورکیے، فیصل اقبال66رنز بناکر نمایاں رہے، عامر یامین نے 3 وکٹیں لیں، سوئی سدرن نے 31.4 اوورز میں 3 وکٹ پر 179 رنز جوڑلیے، اوپنر اویس ضیا نے 56 کی اننگز کھیلی، عادل امین53 پر ناقابل شکست رہے، سیف اللہ بنگش31 اور اسٹار بیٹسمین شعیب ملک 8 رنز بنا سکے،آصف ذاکر27 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
Load Next Story