سیون اسٹار جڈیجا نے انگلش ٹیم کو تاریکیوں میں گم کردیا

انگلش ٹیم کے آخری 6 کھلاڑی صرف15 رنز کے دوران پویلین لوٹ گئے۔

انگلش ٹیم کے آخری 6 کھلاڑی صرف15 رنز کے دوران پویلین لوٹ گئے۔ فوٹو؛ ایسو سی ایٹ پریس

بھارت نے پانچواں ٹیسٹ اننگز اور 75 رنز سے جیت کر سیریز 0-4 سے اپنے نام کرلی جب کہ 103 رنز کا آغاز ملنے کے باوجود ناکام سائیڈ 207 پر ڈھیر ہوگئی اور آخری 6 کھلاڑی صرف15 رنز کے دوران پویلین لوٹ گئے۔


تفصیلات کے مطابق چنئی میں کھیلے گئے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میں بھارت کی جانب سے واحد اننگز میں 759 رنز بنانے کے بعد انگلینڈ کے پاس منگل کو پورا دن بیٹنگ کرکے میچ بچانے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا، اوپنر الیسٹر کک اور کیٹن جیننگز نے ابتدائی سیشن میں احتیاط سے بھارتی اٹیک کا سامنا کرتے ہوئے تقریباً 40 اوورز میں 103 رنز بنائے، لنچ بریک کے بعد جڈیجا نے اپنا جادو جگانا شروع کیا، انہوں نے پہلے الیسٹرکک کو میدان بدر کیا، انگلش کپتان نے لیگ سلپ میں لوکیش راہول کا کیچ بننے سے قبل 49 رنز بنائے، جیننگز نے 54 رنز کو کافی سمجھتے ہوئے جڈیجا کو ان کی اپنی ہی گیند پر کیچنگ پریکٹس کرائی، جوئے روٹ (6) جڈیجا کی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، جونی بیئراسٹو کو ایشانت شرما نے صرف ایک رن پر چلتا کیا، اس بار کیچ جڈیجا نے تھاما، باقی کھلاڑیوں میں سے معین علی 44 اور بین اسٹوکس 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

دلچسپ بات یہ کہ آخری سیشن میں انگلینڈ کا اسکور 4 وکٹ پر 192 تھا تاہم جب ٹوٹل 207 ہوا تو پوری ٹیم میدان بدر ہوچکی تھی، جڈیجا نے کیریئر بیسٹ 48 رنز کے عوض 7 وکٹیں لیں، انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ناقابل شکست ٹرپل سنچری اسکور کرنے والے کرون نائر کو میچ جب کہ ویرات کوہلی کوسیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
Load Next Story