مختلف ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 7افراد ہلاک 3زخمی

ڈیفنس میں حادثہ،موٹر سائیکل سوارساگر اور خالدہ ہلاک جبکہ12سالہ بچہ زخمی،کورنگی میں گاڑی کی ٹکر سے راہگیر جاں بحق

تیز رفتاری کے سبب الٹ جانے والی پولیس موبائل کلفٹن پولیس اسٹیشن میں کھڑی ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

MUZAFFARABAD:
شہر میں مختلف ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت7افراد ہلاک جبکہ 3افراد زخمی ہو گئے۔

کلفٹن 2 تلوار کے قریب پولیس موبائل الٹ نے3 افراد ہلاک اور پولیس اہلکار سمیت2 افراد زخمی ہو ئے، تفصیلات کے مطابق منگل کی اعلیٰ الصباح کلفٹن کے علاقے2 تلوار کے پولیس موبائلSP-7377 تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے ٹکرانے کے بعد پولیس ہائوس کی دیوار سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں پولیس موبائل میں سوار 3 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ موبائل میں سوار پولیس اہلکار سمیت2 افراد زخمی ہو گئے۔

ٹریفک حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت کلفرڈ ولد فرانسز ، محمد سلیم ولد جمشید سلیم اور عمیر شاہ ولد مبشر شاہ کے نام سے شناخت ہوئی ہے جبکہ زخمیوں موبائل کے شناخت ڈرائیور عمیر عباسی ولد ریاض اور کلنٹن ولد وکٹر کے نام سے ہوئی ہے، بوٹ بیسن پولیس نے بتایا کہ پولیس موبائل کا ڈرائیور عباسی گارڈن ہیڈ کوارٹر میں قائم MT ورکشاپ میں تعینات ہے اور واقعے میں ہلاک ہونے والے تینوں افراد کا تعلق مسیحی برادری سے ہے جو صدر ، لی مارکیٹ اور کینٹ اسٹیشن کے رہائشی تھے۔




انھوں نے بتایا ہلاک ہونے والے تینوں افراد اور زخمی شخص پولیس موبائل کے ڈرائیور پولیس اہلکار عمیر عباسی کے دوست ہیں اور کرسمس کے تہوار پر سرکاری موبائل پر گھومنے پھرنے کے لیے کلفٹن کے علاقے سی ویو آئے ہوئے تھے اور واپسی پر کلفٹن دو تلوار کے قریب پولیس موبائل حادثے کا شکار ہو گئی، بوٹ بیس پولیس نے پولیس موبائل کے حادثے کا مقدمہ 646/12 سر کار کی مدعیت میں درج کر لیا ہے۔

ادھر ڈیفنس فیز2 کالٹکس پٹرول پمپ کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار18سالہ ساگر اور 35 سالہ خاتون خالدہ ہلاک جبکہ 12سالہ بچہ زخمی ہو گیا جنھیں ایمبولنس کے ذریعے جناح اسپتال پہنچا گیا ، تاہم ہلاک ہونے والوں کے ورثا اسپتال سے لاشوں کو بغیر کارروائی کے اپنے ہمراہ لے گئے، ریسکیو ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ماں بیٹا اور کینٹ ریلوے کالونی کے رہائشی تھے۔

کورنگی کے علاقے ناصر جمپ کے قریب سڑک عبور کرتے ہوئے 24 سالہ راہ گیر زبیر ولد شاہد نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہو گیا جس کی لاش پولیس کارروائی کے لیے جناح اسپتال لائی گئی، ہلاک ہونے والا شخص پی ایم ٹی کالونی کا رہائشی تھا ، عزیز بھٹی تھانے کی حدود میں عیسیٰ نگری کے قریب تیز رفتار موٹر سائیکل مخالف سمت سے آنے والی ہائی روف سے ٹکر ا گئی جس کے نتیجے میں 22 سالہ سنی ولد رشید ہلاک ہو گیا متوفی عیسیٰ نگری کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔
Load Next Story