قائد اعظم نے نوجوانوں کو ہمیشہ صف اول میں رکھا فیصل سبزواری

یوتھ کنونشن سے سلیم بٹ،شعیب صدیقی،انوار احمد زئی، پروفیسر خواجہ رضی کاخطاب۔

جاب فیئر نوجوانوں کو روزگارکی فراہمی میں معاون ثابت ہوگا، صوبائی وزیرامورنوجوانان۔ فوٹو: فائل

صوبائی وزیر برائے امور نوجوانان فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ قائد اعظم نے نوجوانوں کو ہمیشہ صف اول میں رکھا۔

بلاشبہ قائد اعظم کے فرمان کے مطابق نوجوان اولین دستے کی حیثیت رکھتے ہیں قائد کے وژن کے تحت لائحہ عمل مرتب کرکے ملک کو دیرینہ اور حالیہ مسائل سے نکالنا ہر ایک اور خصوصاً نوجوانوں کا فرض اولین ہے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی 136ویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والے یوتھ کنونشن ''قائد اعظم کا پاکستان اور نوجوان'' سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام محکمہ امور نوجوانان اور یوتھ پارلیمنٹ نے کیاتھا۔

کنونشن سے چیف جسٹس شریعت کورٹ جسٹس آغا رفیق احمد خان،آزاد کشمیر کے وزیرمحمد سلیم بٹ ،سیکریٹری یوتھ افیئرز شعیب احمد صدیقی،ڈائریکٹریوتھ افیئرز سندھ خورشید علی شیخ ،بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے چیئرمین انوار احمد زئی، پروفیسر خواجہ رضی ودیگر نے بھی خطاب کیا صوبائی وزیرنے کہا کہ بانی پاکستان نے نوجوانوںکوہمیشہ صف اول میں رکھا یہ نوجوان ہی تھے جنھوں نے اقبال کے خواب اور قائد کی فکرکوجلابخشی اور اپنی انتھک محنت اور نتیجہ خیز جدوجہد سے ارض وطن حاصل کیا۔




آزاد کشمیر کے وزیرمحمد سلیم بٹ نے کہا کہ آج محکمہ امور نوجوانان سندھ قائد کے طرز فکرکے مطابق نوجوانوں کو ہر سطح پر ہر اول دستہ بنائے ہوئے ہے قائد اعظم کے فکر و فلسفے کی روشنی میں لائحہ عمل مرتب کرنا عصر حاضر کی اشد ضرورت ہے ،آج روح قائد کے ساتھ نوجوان یہ وعدہ کریں کہ متحد ہوکر ملک کو بحرانوں سے نکالیں گی اور قائد اعظم کے پاکستان کو ویسا ہی بنائیں گے جیسا قائد کا وژن تھا،سیکریٹری یوتھ افیئرز شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ 25دسمبر کے دن خصوصی طورپر نوجوانوں کیلیے پروگرام منعقد کرنے کا مقصد نوجوانوں کو قائد اعظم کے فکر و فلسفے سے روشناس کرواکر انھیں دور حاضر کے جدید تقاضوں سے ہمکنار کرنا ہے۔

ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سندھ خورشید علی شیخ نے کہا کہ آج کے نوجوان کو اپنی ارض وطن کی حفاظت،قوم کی رہنمائی اور ترقی کیلیے ایک بار پھر اپنے اندر خودی اور تحریک کو اپنے اجداد کی طرز پر بیدار کرنا ہوگا ،دریں اثنا محکمہ امور نواجوانان اور دی کیپسٹی بلڈر کے اشتراک سے '' یوتھ شیپنگ فیوچر جاب فیئر '' 29 دسمبر کو کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگا، اس سلسلے میں ایک اجلاس گذشتہ روز صوبائی وزیر فیصل سبزواری کی زیر صدارت یوتھ افیئرز آفس میں ہوا، صوبائی وزیر نے کہا کہ یوتھ جاب فیئر نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں معاون ثابت ہوگا،70 سے زائد آرگنائزیشنز اپنے اسٹال لگائیں گی۔
Load Next Story