نوازشریف کی سیاست کا محور پنجاب ہے مکیش کمار

پیپلز پارٹی سندھ کارڈ پر نہیں عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے،صوبائی وزیر

پیپلز پارٹی سندھ کارڈ پر نہیں عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے،صوبائی وزیر فوٹو ایکسپریس

صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چائولہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی سیاست کا محور صرف پنجاب ہے، جاگ پنجابی جاگ کا نعرہ لگانے والے کبھی وفاق کی سیاست نہیں کرسکتے،

یہ بات انھوں نے اپنے دفتر میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، انھوں نے کہا کہ سندھ کے قوم پرستوں سے مسلم لیگ (ن) کے رابطے قوم کو دھوکا دینے کی ایک کوشش ہے، سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کے پرچم تلے متحد ہیں، انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک وفاقی سوچ رکھنے والی جماعت ہے، قوم پرست کبھی بھی ایک سیٹ حاصل نہیں کرسکے ہیں،


نوازشریف کا قوم پرستوں سے اتحاد ان کی صوبائیت والی سوچ کا مظہر ہے، مسلم لیگ (ن) کو چاہیے کہ وہ پنجاب کے غریب عوام کی طرف توجہ دے، صوبائی وزیر نے کہا کہ پی پی پی کے کارکن شہید قائد ذوالفقار علی بھٹو اور شہید رانی محترمہ بے نظیر بھٹو کے فلسفے کی روشنی میں پاکستان کی ترقی کیلیے کوشاں ہیں، آئندہ عام انتخابات میں یہ بات ثابت ہوجائے گی کہ عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں،

مکیش کمار چائولہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کارڈ پر نہیں عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے، دریں اثنا مکیش کمار چائولہ نے ٹل سے اغوا کیے جانے والے ہندوؤں کی باحفاظت بازیابی پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو مبارک باد پیش کی ہے ۔
Load Next Story