نیشنل گیمز پنجاب نے فٹبال میں گولڈ میڈل حاصل کر لیا

نیشنل گیمز کے 5ویں روز واپڈا نے76گولڈ میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن پر قبضہ برقرار رکھا ہے۔

ویمن فٹبال کے فائنل میں پنجاب نے واپڈا کو 1-0 سے شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔ فوٹو: فائل

32ویں نیشنل گیمز کے پانچویں روز واپڈا نے76گولڈ میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن پر قبضہ برقرار رکھا،ایچ ای سی نے سندھ کو پیچھے چھوڑ کر14 گولڈز کے ساتھ دوسری پوزیشن ہتھیا لی، سندھ بھی اتنے ہی طلائی تمغوں کے ساتھ تیسرے جبکہ پنجاب13 گولڈز کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

بدھ کو ویمن فٹبال کے فائنل میں پنجاب نے واپڈا کو 1-0 سے شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کر لیا،فیصلہ کن گول زارا اقبال نے بنایا۔ سائیکلنگ روڈ ریس مردوں کے 80کلو میٹر ایونٹ میں نثار احمد واپڈا نے ایک گھنٹہ 57 منٹ 32 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے گولڈ، سمیر احمد ریلوے نے سلور اور صابر واپڈا نے برانز میڈل حاصل کیا ۔ خواتین کی سائیکلنگ 30کلو میٹر ریس میں راحیلہ بانو واپڈا نے45 منٹ 52 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے گولڈ، راشدہ منیر نے سلور اور مصباح مشتاق (واپڈا) نے برانز میڈل حاصل کیا۔

باکسنگ ایونٹ میں واپڈا نے7 گولڈ، ایک سلور اور2برانز میڈلز حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ایچ ای سی نے ایک گولڈ،3 سلور اور2 برانز میڈل کے ساتھ دوسری جبکہ سندھ نے ایک گولڈ، 3 سلور اور ایک برانز میڈل حاصل کیا، ریلوے نے ایک گولڈ، ایک سلور اور 4 برانز میڈل کے ساتھ چوتھی، بلوچستان نے 2 سلور میڈل کے ساتھ پانچویں اور پنجاب نے 4 برانز میڈل کے ساتھ چھٹی پوزیشن حاصل کی۔جمناسٹک ٹیم ایونٹ کے بعد انفرادی مقابلے بھی مکمل ہوگئے۔


فلور ایکسرسائز میں محمد افضل (واپڈا) نے گولڈ، محمد یاسر نے سلور ، ایوب فیصل (سندھ ) اور خلیل میر(ایچ ای سی) نے مشترکہ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پومل ہارس ایونٹ میں واپڈا کے بختاور نے گولڈ، ریلوے کے عبدالحق نے سلور اور پنجاب کے انصار نے برانز میڈل جیتا۔ رنگز مقابلوں میں واپڈا کے خرم شہزاد نے گولڈ،محمد افضل نے سلور جبکہ ریلوے کے جاوید مراد نے برانز میڈل حاصل کیا۔وال مقابلوں میں واپڈا کے محمد یاسر نے گولڈ، ریلوے کے محمد نواز نے سلور جبکہ پنجاب کے عبدالقادر خان نے برانز میڈل حاصل کیا۔



پیرالل بارز میں واپڈا کے محمد افضل نے گولڈ، ایچ ای سی کے عفان خان نے سلور جبکہ پنجاب کے غلام ہور نے برانز میڈل حاصل کیا۔ ہائی بار مقابلوں میں خرم شہزاد (واپڈا) نے گولڈ، محمد یاسر نے سلور اور خلیل میر (ایچ ای سی) نے سلور میڈل حاصل کیا۔ووشو کے مقابلوں میں پنجاب نے 2 گولڈ میڈل حاصل کیے، شمس الرحمان نے52 کلو گرام کیٹیگری میں واپڈا کے عدنان کو شکست دی۔75کلو گرام میں پنجاب کے کامران خالد نے بلوچستان کے عصمت اللہ کو زیر کر کے گولڈ میڈل جیتا۔

ویمن ہینڈ بال مقابلوں میں واپڈا نے گولڈ، ایچ ای سی نے سلور اور پنجاب نے برانز میڈل حاصل کیا۔تائیکوانڈو فن میل مقابلوں میں ریلوے کے شہباز احمد نے گولڈ، ایچ ای سی کے محمد وقاص نے سلوراور بلوچستان کے طاہر نے برانز میڈل جیتا۔ بینٹم میل مقابلوں میں ایچ ای سی نے گولڈ، واپڈا نے سلور اور ریلوے نے برانز میڈل پایا۔ لائٹ میل مقابلوں میں واپڈا کے نوید خان نے گولڈ، سندھ کے حسن نے سلور اور فاٹا کے جمشید نے برانز میڈل حاصل کیا۔ مڈل میل مقابلوں میں واپڈا کے مبشر نواز نے گولڈ، کے پی کے کے عادل بخش نے سلور اور فاٹا کے محمد جمشید نے برانز میڈل حاصل کیا۔فلائی فیمیل تائیکوانڈومیں سندھ کی عائشہ نور نے گولڈ، واپڈا کی سونیا نے سلور اور پولیس کی رافعہ نے برانز میڈل جیتا۔
Load Next Story