پریمیئر فٹبال این بی پی نے ووہیب کلب کو3 گول سے ہرادیا

این بی پی نے وہیب کلب کو3 گول سے ہرادیا، جبکہ کے ای ایس سی نے پی ایم سی پر بجلیاں گراتے ہوئے5-1 سے شکست دے دی۔

آج پی آئی اے کا زرعی ترقیاتی بینک اور بلوچ فٹبال کلب کا کے آر ایل سے مقابلہ ہو گا۔ فوٹو: فائل

پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں مزید2 میچوں کا فیصلہ ہو گیا۔

کے پی ٹی فٹبال اسٹیڈیم میں این بی پی نے وہیب کلب کو3 گول سے ہرادیا، پہلے ہاف تک مقابلہ کسی گول کے بغیر برابر رہا،56 ویں منٹ میں ڈیفینڈر رائے اکمل شہزاد نے بینک کا پہلا گول کیا،88ویں منٹ میں مڈ فیلڈر عبدالعزیز نے گیند جال میں پہنچا کر ٹیم کی سبقت دگنی کر دی،2منٹ بعد ہی فارورڈ محمد آصف کے گول سے این بی پی نے3-0 کی برتری حاصل کی۔


اس کے بعد مزید کوئی گول نہیں بنا،عبدالعزیز میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ پیپلزفٹبال اسٹیڈیم پر دوسرے میچ میں کے ای ایس سی نے پی ایم سی فٹبال کلب پر بجلیاں گراتے ہوئے اسے5-1 سے شکست دے دی، اس میں شکست خوردہ ٹیم کے دفاعی کھلاڑی محمد سلیم کاکھیل کے27 ویں منٹ میں اون گول بھی شامل رہا،فاتح ٹیم کی جانب سے اورنگزیب بابا نے 3 گول اسکور کیے، انھوں نے کھیل کے32، 79اور 87ویں منٹ میں گیند کو جال کی راہ دکھائی، عبدالسلام نے 70 ویں منٹ میں ایک گول کیا، پی ایم سی کا واحد گول فارورڈ محمد عثمان نے 70 ویں منٹ میں بنایا۔

کے ای ایس سی کے مڈ فیلڈر محمد موسٰی میچ کے بہترین کھلاڑی رہے، ریفری نے پی ایم سی کے دوکھلاڑیوں ڈیفینڈر محمد اسلم کو 24 ویں منٹ اور فارورڈ محمد عثمان کو 60ویں منٹ میں یلو کارڈ دکھایا، ٹورنامنٹ میں جمعرات کو کورنگی فٹبال اسٹیڈیم میں پی آئی اے کا زرعی ترقیاتی بینک اور نوشکی اسٹیڈیم،بلوچستان میں بلوچ فٹبال کلب کا کے آر ایل سے مقابلہ ہو گا۔
Load Next Story