انتخابات ملتوی کرانے کی کوشش کی جارہی ہے شیخ رشید

سیاستدان حالات کی نزاکت کوسمجھیں اورسازش ناکام بنانے کیلیے مشترکہ جدوجہدکریں.

مسلح ونگزختم کیے بغیرکراچی کے حالات بہترنہیں ہوسکتے، ائیرپورٹ پرمیڈیا سے بات چیت۔ فوٹو: فائل

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کراچی میں حالات خراب کراکے انتخابات ملتوی کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

سیاستدان حالات کی نزاکت کوسمجھیں اوراس سازش کو ناکام بنانے کیلیے مشترکہ جدوجہد کریں۔ وہ بدھ کو کراچی آمد کے بعد ائیرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ اگرانتخابات وقت پرمنعقد نہ ہوئے تو شاید پھر ہماری زندگی میں انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔ایک سازش کے تحت کراچی کے حالات کو خراب کیا جارہا ہے اورحکومت کراچی میں امن کے قیام میں مکمل ناکام ہوچکی ہے ، سیاسی و مذہبی قوتوں کو چاہیے کہ وہ کراچی کے حالات بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔




جب تک کراچی میں مسلح ونگزکا خاتمہ نہیں ہو گا، حالات بہتر نہیں ہوسکتے۔ انھوں نے کہا کہ پیر پگارا ہمارے بزرگ ہیں، ہم ان کی رہنمائی حاصل کرنے کیلیے آتے رہتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتیں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ عوام نے آئندہ انتخابات میں مختلف قیادت کو منتخب نہیں کیا تو پھر ملک کے آئندہ سیاسی حالات کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ شیخ رشید نے کہا کہ جیسے جیسے انتخابات قریب آئیں گے سیاسی منظر نامے پربڑی تبدیلیاں عوام کے سامنے آنا شروع ہوجائینگی۔
Load Next Story