چینی کمپنی نے شہر سے کچرا اٹھانے کیلیے مشینری روانہ کر دی

مشینری6جنوری کوپہنچے گی،10روزمیں بندر گاہ سے کلیئر ہوجائیگی،شنگھائی سینی ٹیشن گروپ

کراچی کے لیے50سال تک پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے منصوبے پردستخط۔ فوٹو: فائل

کراچی کے 2 اضلاع میں کچرا اٹھانے کے لیے جنوری کے آخر یا فروری کے پہلے ہفتے میں اپنے کام کا آغاز کردیں گے، یہ یقین دہانی وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو شنگھائی سینی ٹیشن گروپ کے چیئرمین فان مان گواؤ نے جمعہ کو بیجنگ کے ہوٹل میں منعقدہ خصوصی اجلاس میں کرائی۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق چینی کمپنی کے چیئرمین نے کہاکہ میں چاہتا ہوں کہ آپ اس یقین کے ساتھ واپس کراچی جائیں،وہاں کے لوگوں کو بھی اس بات کی یقین دہانی کرائیں کہ ان کے کچرے کو ٹھکانے لگانے اور صفائی سے متعلق مسائل جلد حل ہوجائیں گے،کمپنی کے چیئرمین نے کہاکہ انھوں نے گھروں سے کچرا اٹھانے کے لیے ڈسٹ بن،گلیوں اور اہم سڑکوں کی دھلائی اور صفائی کیلیے ضروری میکینیکل سوئپنگ مشینری کی شپمنٹ کر دی جس کے ذریعے کچرے کو اٹھا کر پھینکا جائے گا،مشینری6جنوری کو کراچی پہنچ جائے گی۔ آمد کے 10 دنوں کے اندر یہ بندر گاہ سے کلیئر ہوجائے گی،اس طرح سے کمپنی زیادہ سے زیادہ جنوری کے آخر یا پھر فروری کے پہلے ہفتے میں کام کے آغاز کے قابل ہوجائے گی.

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ اضلاع جنوبی اور شرقی کے تمام گھروں میں کچرا دانیاں تقسیم کریں گے،اس کے بعد ہماری کچرا اٹھانے والی گاڑیا ں ان علاقوں سے کچرا جمع کریں گی ،انھوں نے وزیراعلیٰ کو یقین دلایا کہ وہ روزانہ صفائی کا کام کریں گے،جمع شدہ کچرے کو بھی صاف کریں گے اور صفائی کے نظام کو جدید ترین طریقے سے چلائیں گے.


دریں اثنا سندھ حکومت اورسی ای ایل کے مابین ایک ایم او یو پر دستخط کیے گئے جس کے مطابق وہ ایڈوانس ٹیکنالوجی استعمال کریں گے اوردو 260 ایم جی ڈی کے پلانٹ لگائیں گے۔ ہر ایک واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ 130ایم جی ڈی ہوگا اور باالترتیب کراچی میں سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنائیں گے ، اس منصوبہ بندی کا مقصد کراچی کے لیے آئندہ 50 سالوں تک کی پانی کی ضروریات کو پورا کرنا ہے، ڈی ڈبلیو جی، چائنا شپ بلڈنگ انڈسٹری کارپوریشن اور سندھ حکومت کے مابین دستخط کیے گئے۔

ایم او یوکے تحت سندھ بورڈ آف انویسمنٹ کے ساتھ فوٹو ولٹک ، ونڈ پاور،گاربیج پاور جنریشن ،بائیوماس پاور جنریشن ، ہائیڈرو پاور، پرانے پاور پلانٹس کی اپ گریڈنگ، پاور گرڈ کی تعمیرات اور سمارٹ سٹی کے لیے ایڈوانس ٹیکنالوجی ،انجینئرنگ ماہرین ، پروجیکٹ مینجمنٹ ماہرین اور مالی طور پر تعاون کیا جائے گا، تیسرا ایم او یو سندھ حکومت اور چائنا ریلوے کنسٹرکشن کا رپوریشن کے مابین کیا گیا۔ جس کے تحت سی آر سی سی کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کے لیے اپنے ماہرین اور فنی تعاون فراہم کرے گی، چوتھا ایم او یو سندھ حکومت اور چائنا مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے مابین کیا گیا ،ایم او یو کے تحت دونوں فریقین نے ملکی کوئلے سے چلنے والے فائر پاور پلانٹ جس کی مجموعی گنجائش 10ہزار میگا واٹ ( مراحل میں ) ہو گی پر اتفاق کیا ہے۔

سندھ بورڈ آف انوسمنٹ کی چیئر پرسن ناہید میمن نے سندھ حکومت کی جانب سے تمام مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیے جبکہ چین کی جانب سے ان کے متعلقہ افسران نے مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیے۔
Load Next Story