سال میں زیادہ رنز کلارک نے استاد پونٹنگ کو پیچھے چھوڑ دیا

2012 میں آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے ایک ٹرپل سنچری اور تین ڈبل سنچریاں اسکور کیں۔

مائیکل کلارک نے 2012 کے دوران اب تک 106 کی اوسط سے ٹیسٹ میچوں میں 1595 بنائے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

لاہور:
آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے اپنے استاد رکی پونٹنگ کو سال میں زیادہ رنز بنانے کے ریکارڈ میں پیچھے چھوڑ دیا۔سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں سنچری سے ان کے کیلنڈر ایئر میں رنز کی تعداد 1595 ہوگئی،ایک سال میں سب سے زیادہ رنز کا عالمی اعزاز پاکستان کے محمد یوسف کے پاس ہے۔

تفصیلات کے مطابق 2012 آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کیلیے کافی خوش قسمت ثابت ہوا اور انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں رنز کے انبار لگائے، کلارک نے ایک ٹرپل سنچری اور تین ڈبل سنچریاں اسکور کیں، میلبورن میں سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں انھوں نے 106 رنز بنائے یہ ان کی 22 سنچری ہے، اس کے ساتھ ہی ان کے کیلنڈرایئر میں رنز کی تعداد 1595 ہوگئی جو106.33 کی اوسط سے اسکور کیے ہیں، اس میچ سے قبل انھیں پونٹنگ کا سال میں سب سے زیادہ 1562 رنز اسکور کرنے کا قومی ریکارڈ توڑنے کیلیے صرف 56 رنز درکار تھے۔


یہ ریکارڈ توڑنے میں قسمت نے بھی کلارک کا بھرپور ساتھ دیا، بروقت ہیمسٹرنگ انجری سے نجات پاکر وہ یہ میچ کھیلنے کے قابل ہوئے، بدھ کی شام کو صرف پانچ رنز پر تلکارتنے دلشان نے ان کا کیچ ڈراپ کردیا تھا، جمعرات کو جب وہ 54 رنز پر کھیل رہے تھے اس وقت وکٹ کیپر کمارسنگاکارا نے اسٹمپڈ کرنے کا موقع گنوایا۔کلارک کا کہنا ہے کہ میں کبھی ریکارڈز کے پیچھے نہیں بھاگتا، زیادہ رنز اسکور کرنا اور ٹیم کی آگے بڑھ کر قیادت ہی میرا مقصد ہے، اگر میں آسٹریلیاکو میچ جتوانے میں کامیاب ہوجائوں تو مجھے لگتا ہے کہ اپنی ذمہ داری پوری کرلی، جہاں تک بات رکی پونٹنگ کا ریکارڈ توڑنے کی ہے وہ ایک خصوصی پلیئر تھے۔

اس لیے ان سے کسی چیز میں آگے نکل جانا میرے لیے بھی خاص اہمیت رکھتا ہے۔ واضح رہے کہ ایک کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے کا اعزاز محمد یوسف کے پاس ہے، انھوں نے 2006 میں 1788 رنز بنائے، ویوین رچرڈز 1710رنز کے ساتھ دوسرے اور جنوبی افریقہ کے گریم اسمتھ 1656 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، مائیکل کلارک (1595) نے چوتھی پوزیشن سنبھال لی، ٹنڈولکر (1562) پانچویں نمبر پر موجود ہیں، رکی پونٹنگ نے 2005 میں 1544 اور اس سے قبل 2003 میں 1503 رنز بنائے تھے۔
Load Next Story