پیپلزپارٹی کا اجلاس گیلانی کو شریک چیئرمین بنانے پر مشاورت

ارکان کا صدر، بلاول کی قیادت پر اعتماد کا اظہار،جنوبی پنجاب صوبہ ضرور بنے گا، زرداری

ارکان کا صدر، بلاول کی قیادت پر اعتماد کا اظہار،جنوبی پنجاب صوبہ ضرور بنے گا، زرداری۔ فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس نوڈیرو صدارتی ہاؤس میں صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی مشترکہ صدارت میں ہوا۔

اجلاس میں شہید بینظیر بھٹو کو ان کی خدمات کے عوض زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ اراکین نے بلاول بھٹو زرداری کو سیاست کا سفر شروع کرنے اور گڑھی خدا بخش بھٹو میں ولولہ انگیز تقریر کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر سی ای سی کے اراکین نے صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ انتخابات وقت پر ہونگے، جنوبی پنجاب صوبہ ضرور بنے گا جس کیلئے کام کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے اراکین سے اپنا سیاسی عہدہ چھوڑ کر یوسف رضا گیلانی کو شریک چیئرمین بنانے پر مشاورت بھی کی جس کے بعد اراکین نے وہ اختیار بھی صدر آصف علی زرداری کو دے دیا۔ اجلاس میں پنجاب میں الیکشن کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی جہاں پارٹی کے وائس چیئرمین یوسف رضا گیلانی اور میاں منظور وٹو کی جانب سے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پنجاب کی سیاست میں بھی عملی اقدامات کی دعوت دی گئی اور پنجاب کا دورہ کر کے وہاں بھی پارٹی کی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانے کی بات کی گئی۔




اجلاس کے بعد صدر آصف علی زرداری کی جانب سے تمام اراکین کو عشائیہ بھی دیا گیا جس کے بعد وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور دیگر نوڈیرو سے اسلام آباد روانہ ہو گئے۔ اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات قمرالزمان کائرہ نے نوڈیرو ہاؤس کے باہر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اراکین نے بلاول بھٹو زرداری کو مبارکباد دیتے ہوئے سیاست میں خوشگوار جھونکا قرار دیا۔ اجلاس میں جلد ہی دوبارہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلواکر اہم فیصلے کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ صدر مملکت نے واضح طور پر احکامات دیے کہ 16 مارچ کو پارلیمنٹ کی آئینی مدت پوری ہونے جا رہی ہے جس کے بعد 60 روز کے اندر انتخابات کروائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے گڑھی خدا بخش بھٹو میں جلسہ عام میں عدلیہ کو کسی تنقید کا نشانہ نہیں بنایا اور انہوں نے اپنی تقریر کا آغاز ہی ان الفاظ سے کیا کہ وہ عدلیہ کا بہت احترام کرتے ہیں تاہم وہ جلسہ میں ایک نواسے اور ایک بیٹے کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔ بعد ازاں پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل جہانگیر بدر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی میدان میں آمد ملکی سیاست میں بہت بڑی پیش رفت ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story