تبدیلی ووٹ سے آنی چاہیے الیکشن میں ایک لمحے کی تاخیر برداشت نہیں نواز شریف

گوہر ایوب، عمر ایوب،حبیب اللہ ترین ،اختر شاہ اورفیصل زمان بھی ن لیگ میں آگئے

انتخابات ناگزیر ہیں، ن لیگ کلین سویپ کریگی، ہزارہ صوبے کیلیے آواز اٹھانے کی یقین دہانی۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ ہم خیال کے مرکزی نائب صدر گوہر ایوب خان، ان کے صاحبزادے سابق وزیر مملکت عمر ایوب، سابق اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی حبیب اللہ ترین ، سابق صوبائی وزیر اختر شاہ اور جے یو آئی کے ایم پی اے راجا فیصل زمان نے گزشتہ روز نواز شریف سے ملاقات کرکے (ن) لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔

گوہر ایوب اور عمر ایوب نے (ن) لیگ کی پالیسیوں کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آج صرف پنجاب نہیں بلکہ خیبر پختونخوا سمیت چاروں صوبوں کے عوام نواز شریف کی طرف دیکھ رہے ہیں اور اگر کوئی اس ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتا ہے وہ صرف نواز شریف ہیں، ہم انکی قیادت میں غریبوں کے حقوق اور جمہوریت کی جنگ لڑیں گے۔ نواز شریف نے کہا کہ ملک کے مستقبل کے حوالے سے قوم جتنی آج مایوس ہے، تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی، حکمرانوں کا ایک ایک دن قوم پر کسی عذاب سے کم نہیں ہے۔


ہماری عوام دوست پالیسیوں اور اصولی سیاست کی وجہ سے لوگ (ن) لیگ میں شامل ہورہے ہیں ، آنیوالے انتخابات میں (ن) لیگ پنجاب سمیت چاروں صوبوں میں کلین سویپ کریگی، (ن) لیگ ہی وہ واحد جماعت ہے جو اس ملک کو مسائل اور بحرانوں سے نجات دلاسکتی ہے۔



ملک کی بقا اور سلامتی کیلیے بروقت انتخابات ناگزیر ہیں اور (ن) لیگ انتخابات میںایک لمحہ کی تاخیر بھی برداشت نہیں کریگی، ملک میں تبدیلی بلٹ نہیں بلکہ بیلٹ کے ذریعے آنی چاہیے۔اس موقع پر نوازشر یف نے صوبہ ہزارہ کیلیے بھرپور آواز بلند کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں گوہر ایوب نے کہاکہ ہم اپنے علاقے میں ن لیگ کو کامیاب کرائیں گے۔ دریں اثنا برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن نے رائیونڈ میں نواز شریف سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

Recommended Stories

Load Next Story