کراچی میں فائرنگ متحدہ کے کارکن سمیت 3افراد ہلاک

چیل چوک اور عثمان آباد میں لیاری گینگ وار کے ملزمان کی فائرنگ سے خوف وہراس

چیل چوک اور عثمان آباد میں لیاری گینگ وار کے ملزمان کی فائرنگ سے خوف وہراس۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں متحدہ آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن سمیت 3 افراد ہلاک 6 زخمی ہوگئے ۔

سہراب گوٹھ کے علاقے احسن آباد خادم حسین سولنگی گوٹھ میں چائے کے ہوٹل پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر کے 3 افراد صبغت اﷲ ، حمید اور علی حسن کو زخمی کر دیا فائرنگ سے بھگدڑ مچ گئی اورعلاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ، تینوں زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا جہاں 30 سالہ صبغت اﷲ عرف مور دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، ڈی ایس پی سہراب گوٹھ قمر احمد نے بتایا کہ مقتول کے بھائی سعید اﷲ کا کہنا ہے کہ اس کے بھائی کو پلاٹ کے تنازع پر مخالف گروپ نے فائرنگ کر کے ہلاک کیا ہے جس پر سہراب گوٹھ پولیس نے مقتول کے بھائی کی مدعیت میں نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

ایس ایچ او سہراب گوٹھ فصیح کے مطابق مقتول متحدہ آرگنائزنگ کمیٹی کا رکن تھا اور خادم حسین سولنگی گوٹھ کا رہائشی تھا،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی۔ پاکستان بازار کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 16 غوثیہ چوک کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 30 سالہ سلامت اﷲ ولد نظامت اﷲ برمی ہلاک ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لائی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو جسم پر 3 گولیاں لگیںمقتول محنت کش ، پیپلز پارٹی کا سابقہ کارکن اور گلشن بہار سیکٹر 16کا رہائشی تھا پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی، پولیس نے واقعے کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔




لانڈھی نمبر ایک فائر بریگیڈ کے قریب نور منزل کے سامنے موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے28سالہ الطاف حسین ولد عبد الجلیل ہلاک ہو گیا مقتول کی لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی ، پولیس کے مطابق مقتول لانڈھی89 کا رہائشی تھا جبکہ اس کی لانڈھی قذافی ٹاؤن میں مرغی کے گوشت کی دکان ہے واقعے کے وقت مقتول اپنی دکان بند کر کے گھر جا رہا تھا کہ گھات لگائے ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی ، مقتول کے چہرے اور سر پر4گولیاں لگیں۔ گلستان جوہر بلاک8 آرکیٹیک سوسائٹی میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے32 سالہ علی اصغر ولد عبد الحمید اور40سالہ اختر علی ولد برکت علی زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا گیا ۔

کلاکوٹ کے علاقے چیل چوک اور گارڈن کے علاقے عثمان آباد میں لیاری گینگ وار کے ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا علاقے کی دکانیں اور دیگر کاروبار بند ہو گیا، ملزمان کی فائرنگ سے عثمان آباد گلی نمبر3 میں 27 سالہ ندیم خان ولد تبریز خان زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا گیا ۔گارڈن کے علاقے شو مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے 25 سالہ نامعلوم شخص شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں سول اسپتال لایا گیا۔

مومن آباد کے علاقے فقیر کالونی مدینہ مسجد کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سینے پر گولی لگنے سے30 سالہ زبیر نامی شخص زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لایا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ،محمود آباد کے علاقے اعظم بستی گلی نمبر2 میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اقبال ولد نیاز ز خمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا گیا۔ عزیز آباد کے علاقے عائشہ منزل کے قریب کریم آباد فرنیچر مارکیٹ میں بھتے کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر ملزمان کی فائرنگ سے فرنیچر کی دکان کا مالک35 سالہ نوید اسماعیلی زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔

Recommended Stories

Load Next Story