ملکی بقا کے لیے قوم کو متحد ہونا ہوگا مولانا سمیع الحق

سی آئی اے اور اسلام دشمن عناصر پاکستان کیخلاف سازشیں کررہے ہیں،ٹیلی فونک خطاب

مولانا سمیع الحق نے کہا کہ اگر پاکستانی عوام اور محب وطن قوتیں ملک کی بقاء اور استحکام چاہتی ہیں تو متحد ہو کر ان سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ فوٹو: فائل

KABUL:
دفاع کونسل پاکستان کے چیئرمین و جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف بین الاقوامی سطح پر سازشیں کی جا رہی ہیں جن کے پیچھے سی آئی اے اور دیگر اسلام اور ملک دشمن عناصر کی سوچ کار فرما ہے۔

اگر پاکستانی عوام اور محب وطن قوتیں ملک کی بقاء اور استحکام چاہتی ہیں تو متحد ہو کر ان سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ جے یو آئی کے صوبائی رابطہ سیکریٹری مولانا عبدالواحد سواتی کے مطابق ان خیالات کا اظہار مولانا سمیع الحق نے سندھ کے عہدیداروں اور کارکنوں کے اجتماع سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔




انھوں نے کہا کہ تنہا کوئی بھی ادارہ ملک کے مسائل حل نہیں کر سکتا اس لیے لازمی ہے کہ عدلیہ، پارلیمینٹ، فوج میڈیا، علما کرام دانشور اور سول سوسائٹی مل کر وطن عزیز پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں تاکہ مملکت خداداد کو دشمن کی سازشوں کے چنگل سے آزاد کیا جا سکے۔ اس موقع پر جے یو آائی کے صوبائی نائب امیر مولانا شبیر احمد خان، قاری سعداﷲ خان حیدری، حافظ ارمان احمد اسلامی، قاری محمد ارشد فاروقی، مولانا اشرف بنوری ودیگر بھی موجود تھے۔
Load Next Story