ایک فرد کو نزلہ ہونے پر پورا گھر لپیٹ میں آجاتا ہے ماہرین

بد پرہیزی کی صورت میں شدت اختیار لیتا ہے، متاثرہ افراد سے بچوں کو دور رکھاجائے

ماہرین طب کا کہنا تھا کہ گرد مٹی کی وجہ سے الرجی کے مسائل سمیت امراض تنفس میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے. فوٹو: فائل

ماہرین طب نے کہا ہے کہ سردہواؤںکے دوران نزلہ، زکام اور الرجی کے امراض جنم لیتے ہیں۔

نزلہ، زکام چھینکنے سے ایک سے دوسرے کومنتقل ہوتاہے گھر میں ایک فردکوشدیدنزلہ ہونے کی صورت میں پورے گھرکواپنی لپیٹ میں لے لیتاہے،کمزورقوت مدافعت رکھنے والے بچے بھی اس وائرس کی زد میں آجاتے ہے،نزلہ شدت اختیارکرنے پرشدید سرددرد بھی ہوجاتا ہے،ماہرین طب کاکہنا تھاکہ اس موسم کے دوران اپنے جسم کوگرم کپڑوںسے ڈھانپ کر رکھیں،تفصیلات کے مطابق کراچی میں سرد ہوائوں نے رخ کرلیا،سردی کے بڑھتے ہی شہریوں کی جانب سے گرم کپڑوںکااستعمال بھی شروع ہوگیا۔

ماہرین طب نے کہا ہے کہ سرد موسم میں بچوں کو ابلے ہوئے انڈے،گرم دودھ اورگھرکی تیارکردہ یخنی یاسوپ کا استعمال زیادہ رکھیں تاکہ کمزوزقوت مدافعت رکھنے والے بچے اوردیگر افرادکی قوت مدافعت بہتر ہو، سرد موسم کھانے پینے کا موسم بھی کہلاتا ہے،اس موسم میں تازہ سبزیوں کااستعمال انتہائی مفیدہوتا ہے جبکہ گھر کے تیار کردہ گرم مشروبات بھی استعمال کرنا فائدہ مند ہوتا ہے، ماہرین طب کا کہنا تھا کہ گرد مٹی کی وجہ سے الرجی کے مسائل سمیت امراض تنفس میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے جبکہ خشک ہوا کی وجہ سے گلے میں انفیکشن کی بھی شکایت عام ہوجاتی ہے ، ماہرین نے بتایا کہ گلہ خراب ہونے کی صورت میں گرم پانی کے غرارے کیے جائیں۔




ماہرین کا کہنا تھا کہ اس موسم میں ٹھنڈے مشروبات سے مکمل پرہیز کیا جائے ،ٹھنڈے پانی کے استعمال سے طبی مسائل جنم لیتے ہیں، ماہرین نے مزید بتایا کہ سردموسم میں بچوںکوموٹر سائیکل پرلے جانے سے گریزکیاجائے کیونکہ موٹرسائیکل پر بچوں کوبٹھانے سے سردہوائیں براہ راست بچوںکے سینے اورسرپرلگتی ہیں جس سے بچے شدید متاثرہوجاتے ہیں۔

ماہرین طب کا کہنا ہے کہ گھر کے کسی فردکونزلہ زکام ہونے کی صورت میں فوری احتیاط کرائی جائے اورمتاثرہ افراد سے بچوں کو دور رکھاجائے کیونکہ نزلہ، زکام فلو ایک سے دوسرے فرد میں بآسانی منتقل ہوتا ہے، چھینکنے سے نزلے زکام کے وائرس باہر آتے ہیں جو بچوں اور دوسروں میں منتقل ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے یہ مرض پورے گھر کواپنی لپیٹ میں لیتا ہے،اس موسم میں جوشاندہ کا استعمال بھی مفید ہوتا ہے ، نزلہ ، زکام ہونے کی صورت میں گرم پانی کی بھاپ بھی مفیدہوتی ہے۔
Load Next Story