نیشنل گیمز واپڈا نے قائد اعظم ٹرافی پر قبضہ جما لیا

سرد موسم اور بارش کے باوجود ایتھلیٹس نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب یادگار بنا دی۔

خیبر پختونخوا کی ٹیم کو فیئر پلے ٹرافی کا حق دار قرار دیا گیا۔ فوٹو فائل

سرد موسم اور بارش بھی ایتھلیٹس کے حوصلے پست نہ کر سکی، ہزاروں کی تعداد میں شریک ہو کر32 ویں نیشنل گیمزکی اختتامی تقریب یادگار بنا دی،واپڈا نے190 گولڈ میڈلز کے ساتھ قائداعظم ٹرافی پر قبضہ جما لیا۔ایچ ای سی نے 29 گولڈ میڈلز کے ساتھ دوسری جبکہ پنجاب22 گولڈز نے تیسری پوزیشن حاصل کی، سندھ چوتھے، پولیس پانچویں اورکے پی کے چھٹے نمبر پر رہا۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن تھے،واپڈا کی طرف سے ٹرافی ممبر واٹر حسنین افضل اور ڈی جی واٹر محمد ظفر نے وصول کی۔ تفصیلات کے مطابق بارش کی وجہ سے ریلوے اسٹیڈیم گڑھی شاہو میں اختتامی تقریب مختصر کردی گئی،ایک ہفتے تک تک جاری رہنے والے مقابلوں میں واپڈاکے کھلاڑیوں نے آرمی کے نہ آنے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پہلے روز سے ہی میڈل ٹیبل پر نمایاں پوزیشن حاصل کرلی جو آخری روز تک برقرار رہی۔

ایچ ای سی اور پنجاب کے ایتھلیٹس نے بھی نسبتاً بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا، فیئر پلے ٹرافی کے پی کے کو دی گئی، اختتامی تقریب میں ممبر انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی پاکستان سید شاہد علی، سید عاقل شاہ ،خالد محمود، واپڈا کے ممبر واٹرحسنین افضل ،واپڈا اسپورٹس بورڈ کے صدر میاں رفعت محمود، محمد ظفر، احمد علی راجپوت، ذوالفقار بٹ، افضل اعوان، وقار علی، خرم ہارون، ایس اے عتیق، خالد بشیر، خلیل احمد اور کھیلوں سے تعلق رکھنے والی سیکڑوں شخصیات موجود تھیں،آرگنائزنگ سیکریٹری ادریس حیدر خواجہ نے قومی کھیلوں کا جھنڈا پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف حسن اورخالد محمود کے حوالے کیا۔


اس موقع پر ممبر آئی او سی سید شاہد علی نے کہا کہ پاکستان میں اولمپک کی روح کے مطابق 32 ویں نیشنل گیمزمکمل ہوئے جس میں پاکستان بھر کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ پی او اے کے صدر عارف حسن نے واپڈا اور ایچ ای سی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں پاکستان سے ایتھلیٹس نے آکر مقابلوں کو کامیاب بنایا، میں پنجاب اولمپک کو اتنے شاندار قومی کھیل منعقد کرنے پرمبارکباد پیش کرتا ہوں، نامساعد حالات میں اس نے جس محنت اور لگن سے ان کھیلو ں کو کامیاب بنایا وہ قابل تعریف ہے،آرگنائزنگ سیکریٹری ادریس حیدر خواجہ نے کہا کہ ہزاروں کھلاڑیوں نے گیمز میں شرکت کرکے مخالفین کی تمام کوششیں ناکام بنا دیں،اختتامی تقریب بارش کی وجہ سے ریلوے اسٹیڈیم کے ہال میں منتقل کردی گئی۔

گلوکارہ حمیرہ ارشد کے گانوں نے کھلاڑیوں کو بیحد محظوظ کیا، بلوچستان کے ایتھلیٹس نے علاقائی رقص پیش کیا، دستے میں شامل ایک بلوچی گلوکار نے پشتو گانے پیش کیے جس پر واپڈا اور کے پی کے کے کھلاڑی جھوم اٹھے۔ پنجاب ایروبکس ایسوسی ایشن نے اختتامی تقریب کیلئے کافی تیاری کی تھی مگر بارش کی وجہ سے پروگرام کو مختصر کرنا پڑا۔

یاد رہے کہ واپڈا نے190 گولڈ، 83 سلور اور 46 برانز سمیت319 میڈلز اور6230 پوائنٹس حاصل کیے،دوسرے نمبر پر ایچ ای سی نے29 گولڈ، 62 سلور، 74 برانز سمیت165 میڈلز اور 2953 پوائنٹس لیے۔تیسری پوزیشن پنجاب کی رہی جس نے22 گولڈ،33 سلور،56 برانز کے ساتھ 111 میڈلز اور2732 پوائنٹس حاصل کیے، چوتھے نمبر پر سندھ نے24گولڈ، 29سلور اور32 برانز میڈل سمیت85 میڈلز کے ساتھ 1638 پوائنٹس لیے،پولیس کی پانچویں پوزیشن رہی،اس نے4 گولڈ، 13سلور اور 26 برانز سمیت43 میڈلز اور1335 پوائنٹس حاصل کیے۔ چھٹی پوزیشن کے پی کے نے حاصل کی، اس نے2 گولڈ، 15 سلور اور 26 برانز سمیت 43 میڈلزاور1211 پوائنٹس لیے۔
Load Next Story