ڈی ایس پی کے بیٹے کے قاتل پکڑنے میں پولیس ناکام ہوگئی

قاسم آباد وسکھر میں سراغ لگانے کی کوشش ،درجنوں چھاپے بے سود رہے، اسلم کھکھرانی

شاہ زیب کے دوستوں کا ملزمان کی عدم گرفتاری پر پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے کا اعلان. فوٹو: فائل

درخشاں میں ڈی ایس پی کے بیٹے کو قتل کر کے فرار ہونیوالے ملزمان کی تلاش میں انویسٹی گیشن پولیس نے اندرون سندھ میں ڈیرے ڈال دیے۔

ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے گھیرا تنگ کر دیا، بااثر ملزمان کی اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں رہائش گاہوں نے پولیس کو مشکلات سے دوچارکردیا ، ملزمان گرفتاری کے خوف سے نامعلوم مقام پر روپوش ہوگئے جن کا تاحال کچھ سراغ نہیں مل سکا،تفصیلات کے مطابق درخشاں کے علاقے ڈیفنس فیز 5 کنٹری کلب اپارٹمنٹ میں ڈی ایس پی اورنگزیب کے جواں سال بیٹے شاہ زیب کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والے بااثر ملزمان کی تلاش میں پولیس پارٹی اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں میں مصروف ہے۔

تفتیشی افسر انسپکٹر اسلم کھکھرانی نے بتایا ملزم شاہ رخ اور سراج شاہ زیب کے قتل کے بعد سے نامعلوم مقام پر روپوش ہوگئے ہیں،انھوں نے بتایا کہ ملزم سراج ملائشیا سے پڑھنے آیا تھا جبکہ اس کے والد نے 4 شادیاں کی ہوئی ہیں اور اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں ان کی رہائش گاہیں ہیں جبکہ پولیس نے تاج پور،مٹیاری، ٹھٹھہ ، ٹنڈوالہیار اور بدین میں چھاپے مارے ہیں تاہم کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔




اسلم کھکھرانی نے بتایا کہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع حیدر آباد کے علاقے قاسم آباد اور سکھر میں بھی پولیس پارٹی ملزمان کا سراغ لگانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ، انھوں نے بتایا کہ اعلیٰ حکام نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ملزمان کو گرفتار کر کے ہی واپس آنا ہے اس سلسلے میں انویسٹی گیشن پولیس نے اب تک درجنوں چھاپے مارے ہیں تاہم ملزمان گرفتاری کے خوف سے نامعلوم مقام پر روپوش ہیں ، اسلم کھکھرانی نے بتایا کہ ملزمان کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے دریں اثنا مقتول شاہ زیب کے دوستوں کی جانب سے ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

 
Load Next Story