نئے تعلیمی سال کیلیے کتب کی چھپائی نہ ہوسکی نصاب 2014میں تبدیل ہوگا

محکمہ تعلیم نصاب کی تبدیلی میں ناکام ،اسکولوں کے طلبا کو درسی کتب بروقت نہیں مل سکیں گی۔

کتب پرانے نصاب پر ہی چھپیں گی،بک بورڈ چیئرمین کی ملازمت آج پوری ہوگی. فوٹو: کیریٹیو کامنز/فائل

صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے سندھ میں نصاب کی تبدیلی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔

محکمہ تعلیم کی عدم دلچسپی کے سبب آئندہ تعلیمی سال 2013 میں بھی اسکولوں کی سطح پرپرانے نصاب کے مطابق ہی کتابیں چھاپے جانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہیں دوسری جانب آئندہ تعلیمی سال کے آغاز میں صرف3 ماہ باقی رہ جانے کے باوجود محکمہ تعلیم کے ذیلی ادارے سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے نصابی کتب کی چھپائی کا ٹینڈر جاری نہیں کیاجاسکاہے جس کے باعث امکان ہے کہ اس سال بھی طلبا کودرسی کتابیں بروقت فراہم نہیں کی جاسکیں گی۔




مزید براں سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیئرمین عبدالاسلام خوجہ کی مدت ملازمت بھی آج پوری ہورہی ہے محکمہ تعلیم کی جانب سے موجودہ چیئرمین کی مدت ملازمت میں اضافہ کیا گیا اور نہ ہی کسی دوسرے افسرکااس عہدے پرتقررکیاگیاہے ذرائع کاکہناہے کہ فی الحال سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے سیکریٹری عبدالقادررند کواس عہدے کاعارضی چارج دیاجارہاہے واضح رہے کہ موجودہ چیئرمین جن کی شناخت ایک ایماندارافسرکے طورپرکی جاتی ہے صوبائی محکمہ تعلیم کے حکام سے اختلاف کے سبب ان کی مدت ملازمت میں بھی توسیع کاامکان نہیں ہے۔

ادھرسندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے ذرائع کاکہناتھاہے اٹھارویں ترمیم کے بعد نصاب کی تبدیلی اورتیاری کامکمل اختیارصوبوں کے منتقل ہونے کے باوجود محکمہ تعلیم نصاب کی تبدیلی کے حوالے سے اپناکام مکمل نہیں کرسکاہے جس کے سبب 3 ماہ بعد شروع ہونے والے تعلیمی سال میں تبدیل شدہ نصاب کے ساتھ کتب کی چھپائی کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں اورمحکمہ 2014کے تعلیمی سال میں نصاب کی تبدیلی پرکام کررہاہے۔
Load Next Story