بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینا شہدا سے غداری ہےرشید ترابی

قومی جماعتیں انتخابی منشور میں مسئلہ کشمیر کو سرفہرست رکھیں ، پریس کانفرنس۔

ہزاروں گمنام کشمیریوں کے قتل میں ملوث افسران کیخلاف بھارت نے کارروائی نہیں کی. فوٹو: آئی این پی

جماعت اسلامی آزادکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ حکومت بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

بھارت جب تک مسئلہ کشمیر پر پیش رفت نہ کرے جزوی مسائل پر بات چیت کاکوئی حاصل نہیں، بھارت کوپسندیدہ ملک کا درجہ دینا شہدائے کشمیر کے خون سے غداری اور پاکستان کی سلامتی کو دائو پر لگانے کے مترادف ہے، حکومت بین الاقوامی سطح پر بھارت کی ریاستی دہشت گردی کوبے نقاب کرے، قومی جماعتیں انتخابی منشور اور حکمت عملی میںمسئلہ کشمیر کو سرفہرست رکھیں۔




ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب میں عبدالرشید ترابی نے کہاکہ بھارت کے جبر وتشدد اور ریاستی دہشت گردی کے باوجودمقبوضہ جموں وکشمیر میں تحریک آزادی جاری و ساری ہے اورکشمیری اس بات پر پرعزم ہیں کہ حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے اور بھارت کے آئینی انتظام کے اندر کسی حل کو قبول نہیں کیا جائے گا،افضل گورو جیسے اسکالرکو فیئر ٹرائل کے بغیر تختہ دار پر لٹکانے کی تیاری ہورہی ہے اس عرصے میں ساڑھے6 ہزار گمنام شہدا کی قبریں انسانی حقوق کے اداروں نے دریافت کی ہیں۔

اس قتل عام میں ملوث 500 سول اور ملٹری آفیسرز کی نشاندہی کی گئی جنھوںنے یہ گھنائونا جرم کیا تھا مگر ابھی تک ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی،ان حالات میں بھارت کوپسندیدہ ملک کا درجہ دینا شہدا کشمیر کے خون سے غداری اور پاکستان کی سلامتی کو دائو پر لگانے کے مترادف ہے، اس فیصلے پرنظر ثانی کی جائے،اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی' جماعت اسلامی آزاد کشمیر کراچی ونگ کے امیر سردار عبدالحمید'سردار انور و دیگر بھی موجود تھے۔
Load Next Story