اتائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ فہرست طلب

معمولی مرض میں غیر ضروری انجکشن اور ادویہ دی جاتی ہیں،ای ڈی او ہیلتھ

اتائی ڈاکٹرانسانی زندگیوں اور صحت سے کھیل رہے ہیں اور صحت کے مسائل میں مزید اضافے کا سبب بھی بن رہے ہیں. فوٹو: فائل

ای ڈی او ہیلتھ کراچی نے کراچی میں اتائی ڈاکٹروںکومتنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے غیر قانونی کلینکس واسپتال اور میٹرنٹی ہومز فوری بندکردیں۔

بصورت دیگرقانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیاگیا ہے، صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ای ڈی او ہیلتھ کراچی ڈاکٹرامداد اللہ صدیقی نے اتائی ڈاکٹروں اوران کے غیرمستند عملے سے کہا ہے کہ وہ اتائی ڈاکٹروں کے کلینکس پرکام کرنا چھوڑدیں جبکہ اتائی ڈاکٹروں سے کہا ہے کہ وہ فوری طور سے اپنے غیر قانونی میڈیکل اور ڈینٹل کلینکس اوراتائی میٹرنٹی ہومز بند کردیں بصورت دیگر ان اتائیوں کے خلاف میڈیکل ڈگری ایکٹ 1982 اور ایلو پیتھک سسٹم ( پریوینشن / مس یوز) آرڈیننس 1962 اور ڈرگ ایکٹ 1976 کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔




ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹرامداد اللہ صدیقی نے تمام ٹاؤنز ہیلتھ افسران کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اپنے ٹاؤنز میں قائم اتائی کلینکوں کی فہرست فوری طور پر مرتب کرکے ای ڈی او ہیلتھ آفس بھیجیںتاکہ اتائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ،انھوں نے کہاکہ اتائی ڈاکٹرانسانی زندگیوں اور صحت سے کھیل رہے ہیں اور صحت کے مسائل میں مزید اضافے کا سبب بھی بن رہے ہیں ،انھوں نے کہاکہ اتائی ڈاکٹرسادہ لوح عوام کو معمولی نوعیت کے مرض میں غیر ضروری ہائی اینٹی بائیٹک ادویات کے نسخے تجویز کررہے ہیں۔

جس کی وجہ سے عام افراد میں قوت مدافعت بھی کم ہورہی ہے، انھوں نے کہاکہ اتائی ڈاکٹر معمولی مرض میں غیر ضروری انجکشن بھی لگارہے ہیں جس کے نقصانات سامنے آرہے ہیں، غیر ضروری انجکشن لگوانے سے عوام کی اکثریت ہیپاٹائٹس جیسے مہلک مرض کا بھی شکار ہورہے ہیں۔
Load Next Story