کراچی میں فائرنگ تشدد سیاسی کارکنوں اور خواتین سمیت11افراد ہلاک

پیش امام سمیت5 افراد زخمی ہوگئے ،بزرٹا لین میں ہنگامہ، مکان،گاڑیاں اور دکانیں نذ رآتش،شارع فیصل پرٹریفک معطل

بفر زون میں نوجوان کی ہلاکت پرکشیدگی، سہراب گوٹھ میں گھر میں گھس کر ملزمان کی فائرنگ سے3عورتوں سمیت 4افراد قتل فوٹو: فائل

KARACHI:
شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں سیاسی جماعتوں کے3 کارکنوں سمیت11 افراد جاں بحق اور پیش امام سمیت 5افراد زخمی ہوگئے۔

، صدر برزٹا لین میں 2 افراد کے قتل پر نامعلوم افراد نے مکان،گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں اور دکانوں کو نذر آتش کر دیا ، مشتعل افراد نے شارع فیصل پر ہنگامہ کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق تیموریہ کے علاقے بفرزون سیکٹر 16-A میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے کریانے کی دکان پر فائرنگ کر کے دکاندار کو ہلاک کر دیا ، ایس ایس پی نارتھ ناظم آباد خرم وارث کے مطابق مقتول 52 سالہ صلاح الدین ولد صمد سیکٹر 16-Aکا رہائشیاور متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ143 کے کارکن اور بزرگ کمیٹی کے رکن تھا ، قتل کی واردات کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ نامعلوم افراد نے دکانیں بند کرا دیں۔

گلبہار کے علاقے خاموش کالونی حاجی مرید گوٹھ میں واقع ہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان نے رکشا پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہو گئے، 25 سالہ نیاز بکک ولد در محمد نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا جبکہ فائرنگ سے زخمی18 سالہ غفار ولد شیر خان کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ گذری پی این ٹی کالونی میں موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے سوزوکیKQ-6995 پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے اس میں سوار2 افراد زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لے جایا گیا جہاں 45 سالہ محمد مشتاق ولد بدرالدین دوران علاج ہلاک ہوگیا۔

گذری تھانے کے انسپکڑ علی احمد نے بتایا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے چچا بھتیجے ہیں اور پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی بلاک 6 میں 47-G مارکیٹ کے رہائشی ہیں ، انھوں نے بتایا کہ مقتول دودھ کی سپلائی کا کام تھا مقتول کی جیب میں 2 لاکھ 46 ہزار سے زائد رقم موجود تھی ۔ اورنگی ٹائون میں قریشی مارکیٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار48 سالہ جواد حسین ولد ضمیر حسین ہلاک ہو گیا ۔




پاک کالونی تھانے کی حدود پرانا گولیمار دھوبی گھاٹ کے قریب سے 18سالہ بلال بلوچ ولد انعام بخش کی لاش ملی، پولیس کے مطابق مقتول غلام محمد ولیج کا رہائشیاور لیاری گینگ وار کے عبدالرحمن بلوچ عرف ڈکیت کے برادر نسبتی ساجد بلوچ کا بھانجا تھا ، صدر کے علاقے بزرٹالین سے ایک لاش ملی جسے فائر نگ کر کے قتل کیا گیا، پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 35 سالہ نوازش ولد نادرکے نام سے ہوئی ہے، پولیس کے مطابق مقتول نوازش علی منڈی بہاؤ الدین کا رہنے والا تھا مقتول کا تعلق پیپلز پارٹی سے بتایا جا رہا ہے۔

پولیس کے مطابق اتوار کی رات بزرٹا لین میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں متحدہ قومی موومنٹ کی بزرگ کمیٹی کا رکن عبد الستار جاں بحق ہوگیا جس کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی رات گئے مشتعل افراد نے بزرٹا لین میں 2 منزلہ مکان، ہائی روف، 2 کاریں ، موٹر سائیکل ، جنرل اسٹور اور فریج اے سی کی دکان نذر آتش کردی تھی۔ بلال کالونی تھانے کی حدود نیو کراچی سیکٹر فائیو ای جامع مسجد مدینہ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں مولانا شوکت علی ولد نذر گل شدید زخمی ہوگئے۔

برنس روڈ پر مزیدار حلیم کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے26 سالہ وسیم ولد علیم زخمی ہوا۔ سہراب گوٹھ کے علاقے اﷲ رکھیو گوٹھ میں واقع مکان میں 2 نامعلوم ملزمان نے گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں گھر میں موجود 3 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہوگیا، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور اہل محلہ کی بڑی تعداد جائے وقوع پر جمع ہوگئی ، ایس ایچ او سہراب گوٹھ فصیح الرحمن نے ایکسپریس کو بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کی شناخت 60 سالہ ملک محمد ریاض ولد محکم الدین اس کی اہلیہ 45 سالہ نورین ، 30 سالہ سمرین اور 30 سالہ جوجی کے نام سے ہوئی ہے۔

جبکہ فائرنگ سے مقتول ریاض کا بیٹا 17 سالہ شیراز بھی زخمی ہوا ہے ، انھوں نے بتایا کہ مقتول ملک محمد ریاض کے مکان پر 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 5 مسلح ملزمان آئے تھے 2 مسلح ملزمان مکان میں داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کر دی ، ہلاک ہونے والے ملک محمد ریاض نے دو شادیاں کی ہوئی ہیں ، ہلاک ہونے والی دیگر 2 خواتین سمرین اور جوجی مقتولہ نورین کی سہیلیاں تھیں جو کہ ایوب گوٹھ کی رہائشی ہیں اور اس کے گھر آئی ہوئی تھیں، شبہہ ہے کہ واقعہ کوئی گھریلو تنازع کا شاخسانہ ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story