کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی آج سے72 گھنٹے کیلیے بند

بندش کا آغاز صبح 8بجے سے ہوگا،جمعے تک صارفین کو گیس نہیں ملے گی، کمپنی اعلامیہ

بندش کا آغاز صبح 8بجے سے ہوگا،جمعے تک صارفین کو گیس نہیں ملے گی، کمپنی اعلامیہ فوٹو: فائل

سی این جی صارفین کوسال نو کا تحفہ مسلسل 72گھنٹے بندش کی شکل میں دینے کا اعلان کردیاگیا ہے۔

سوئی سدرن گیس کمپنی نے پنجاب کی طرح سندھ میں بھی ہفتے میں تین روزسی این جی کی بندش کااعلان کردیا ہے جس پرعمل درآمد سال نوکے آغاز پرکیاجائے گا۔ اعلامیے کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز یکم جنوری سے 4جنوری کے درمیان مسلسل 72گھنٹے بند رہیں گے۔ گیس لوڈ منجمنٹ پلان پر عمل درآمد کے بعد پہلی مرتبہ سندھ میں سی این جی اسٹیشنز 72گھنٹے کے لیے بند کیے جارہے ہیں۔ کمپنی اعلامیے کے مطابق بندش کا اطلاق منگل یکم جنوری 2013کو صبح 8بجے سے جمعہ 4جنوری کی صبح 8بجے تک کیا جائے گا۔




سال 2012سی این جی صارفین اور انڈسٹری کے لیے شدید مشکلات کا سال ثابت ہوا ملک بھرمیں 3200سے زائد سی این جی اسٹیشنز قائم ہیں جبکہ 4ملین سے زائد گاڑیاں سی این جی پر چل رہی ہیں۔ سی این جی کے بحران کی وجہ سے 4ملین گاڑیوں کوسی این جی پر منتقل کرنے کیلیے کی جانے والی 180ارب روپے جبکہ ملک بھر میں3200سے زائد سی این جی اسٹیشنزکے قیام کے لیے کی جانے والی 122ارب روپے کی سرمایہ کاری پھنس کر رہ گئی ہے۔

سال 2012کے دوران پنجاب میں قائم 2150سی این جی اسٹیشنز کو 144روز جبکہ سندھ میں قائم 576سی این جی اسٹیشنزکو 50روز سے زائد بندش کا سامنا کرنا پڑا۔ سندھ میں نومبر تک لوڈ شیدنگ24 گھنٹوں تک محدود تھی جودسمبر میں بڑھ کر48گھنٹوں تک پہنچ گئی جبکہ 2013کے آغاز سے ہی یہ دورانیہ بڑھا کر 72گھنٹے کردیاگیاہے۔

Recommended Stories

Load Next Story