پی ایس ایل معین علی انتخاب کے ایک دن بعد ہی دستبردار

آفیشلزکی ناقص پلاننگ،اسٹارکرکٹرزکی عدم دستیابی سے فرنچائزز کا پلان کمزور

آفیشلزکی ناقص پلاننگ،اسٹارکرکٹرزکی عدم دستیابی سے فرنچائزز کا پلان کمزور فوٹو: فائل

انگلش اسٹار معین علی انتخاب کے ایک دن بعد ہی پی ایس ایل سے دستبردار ہو گئے۔

پی ایس ایل سے باہر ہونے والے نئے کھلاڑی معین علی ثابت ہوئے، انہیں پیر کو ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ویسٹ انڈین کارلوس بریتھ ویٹ کی جگہ منتخب کیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ معین علی اہل خانہ کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی کیلیے سعودی عرب جا رہے ہیں، اس لیے ایونٹ میں شرکت سے انکار کر دیا، اس سے آفیشلز کی خراب پلاننگ مزید عیاں ہوتی ہے جنہوں نے بغیر تصدیق کیے معین کا نام فہرست میں شامل کیا۔

واضح رہے کہ ڈرافٹ میں فرنچائزز نے اپنے اسکواڈز مکمل کرلیے تھے لیکن یہ گنجائش بھی رکھی گئی تھی کہ کسی پلیئر کی عدم دستیابی پر متبادل منتخب کرنے کا حق ہوگا، اب مختلف مسائل کی وجہ سے کئی کھلاڑیوں نے دستبرداری کا اعلان کیا تو کئی نے جزوی طور پر خدمات فراہم کرنے کی حامی بھری ہے، لاہور قلندر میں شامل ویسٹ انڈین ڈیوائن براوو ان بڑے ناموں میں سے ایک ہیں۔


آل راؤنڈربگ بیش لیگ میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے تھے اور سرجری کرانے کیلیے تیار ہیں، ان کا بروقت فٹ ہونا ممکن نظر نہیں آتا، اسی فرنچائز نے گھٹنے کی انجری کا شکار کیوی اینٹن ڈیوچ اور کندھے کی تکلیف میں مبتلا کینگرو بولر شان ٹیٹ سے بھی ہاتھ دھوئے، گزشتہ سال اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹائٹل فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے آندرے رسل کا ڈوپنگ کیس زیر سماعت اور 2 سالہ پابندی کی تلوار سر پر لٹک رہی ہے، انہیں ڈراپ تو نہیں کیا گیا لیکن شرکت مشکوک ہے، متبادل کے طور پر انگلش بولر اسٹیون فن کا نام زیر غور ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے ویسٹ انڈین کھلاڑی کارلوس بریتھ ویٹ کو 18 فروری تک ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے بعد انگلینڈ کیخلاف ہوم سیریز بھی کھیلنا ہے، کیریبیئن رومین پاول کو بھی ملکی ایونٹ میں شرکت کا پابند کیا گیا، انگلش ڈیوڈ ویلی بھی دستیاب نہیں ہوسکے۔ افغانی کرکٹر محمد نبی زمبابوے سے سیریز کی وجہ سے باہر ہوئے۔ پشاور زلمی کو ہاتھ میں فریکچر کرا بیٹھنے والے انگلش ایلکس ہیلز کی خدمات سے محروم ہونا پڑا، افغان کھلاڑی محمد شہزاد بھی نیشنل ڈیوٹی کے سبب باہر ہوئے۔

بنگلا دیشی شکیب الحسن اور تمیم اقبال کی خدمات ایونٹ کی ابتدا میں میسر نہیں ہونگی، انہیں بھارت کیخلاف ٹیسٹ میچ کے بعد ہی امارات آنے کا موقع ملے گا، انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن 21 فروری کو ویسٹ انڈیز سے سیریز کیلیے روانہ ہوجائیں گے۔ فی الحال پشاور زلمی نے متبادل منتخب کرلیے لیکن مختلف فرنچائزز کوکھلاڑیوں کی کمی پوری کرنے کیلیے فروری کے آخر میں تیسرے ڈرافٹ کی بھی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ اسٹار کرکٹرز کی عدم دستیابی نے ٹیموں کا پلان کمزور کردیا ہے، انجریز اپنی جگہ مگر انٹرنیشنل شیڈول کو نظر انداز کرکے پلیئرز منتخب کرنے کے نتیجے میں اسکواڈ متوازن رکھنے میں مشکل پیش آرہی ہیں،متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب درد سر بن گیا ہے۔
Load Next Story