ایڈیلیڈ اوول میں وہاب ریاض کے مہلک ترین اسپیل کی گونج برقرار

جس کو بھی بولنگ کا موقع ملے 2سال پہلے جیسی کارکردگی دہرائے، اظہر علی

شین واٹسن ان کے ہاتھوں شکار ہونے سے بچ گئے تھے۔ فوٹو : فائل

KARACHI:
ایڈیلیڈ اوول میں وہاب ریاض کے مہلک ترین اسپیل کی گونج اب تک سنائی دے رہی ہے، پاکستانی کپتان اظہر علی اپنی ٹیم سے ویسی ہی آگ بھڑکانے کے خواہاں ہیں۔

کپتان اظہر علی نے کہا کہ جس کو بھی بولنگ کا موقع ملے وہ 2 سال پہلے جیسی کارکردگی دہرائے تاہم تقریباً دو برس قبل ورلڈ کپ 2015میں اسی ایڈیلیڈ اوول میں آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان میچ کھیلا گیا تھا جو ایک خوفناک اسپیل کی وجہ سے کافی شہرت رکھتا ہے۔ پاکستان کے لیفٹ آرم فاسٹ بولر وہاب ریاض نے اپنی تباہ کن بولنگ سے آسٹریلوی کراؤڈ اور آل راؤنڈر شین واٹسن دونوں کے دل دہلا کر رکھ دیے تھے۔ بعد میں اس قت کے آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے اسے ون ڈے کرکٹ میں فاسٹ بولنگ کے سب سے بہترین اسپیلز میں سے ایک قرار دیا تھا۔ اب وہی دونوں ٹیمیں ایک بار پھر ایڈیلیڈ میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہیں تاہم شین واٹسن انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے۔


ادھر وہاب ریاض گزشتہ تین میچز کے دوران باہر بیٹھنے کے بعد واپس لوٹ رہے ہیں، ان پر ایک بار پھر2برس پہلے جیسی کارکردگی پیش کرنے کے لئے توقعات کا بے پناہ دباؤ موجود ہوگا، وہ خود بھی ماضی میں پیش کی جانے پر فارمنس ایک بار پھر پیش کر کے خود کو ناکامیوں کے گرداب سے باہر نکالنے کے خواہشمند ہیں۔

دوسری جانب کپتان اظہر علی نے اس حوالے سے کہا کہ اس روز وہاب کا وہ اسپیل بہت ہی شاندار تھا اس لیے ہم امید کرتے ہیں کہ جس کو بھی بولنگ کا موقع ملے وہ ویسی ہی کارکردگی دہرانے کی کوشش کرے گا۔

یاد رہے کہ وہاب نے اس میچ میں ڈیوڈ وارنر اور مائیکل کلارک کی وکٹیں لی تھیں تاہم شین واٹسن ان کے ہاتھوں شکار ہونے سے بچ گئے تھے۔
Load Next Story