بنگلہ دیش کو کبھی ٹور پر مجبور نہیں کیا ذکااشرف

سیکیورٹی کا بہانہ بنانا کسی طور مناسب نہیں، سخت حفاظتی انتظامات کرتے، بورڈ چیف

ہم نے کبھی بھی اس کو ٹور کیلیے مجبور نہیں کیا مگر ان کا یہ کہنا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہتر نہیں انتہائی نامناسب ہے، ذکا اشرف فوٹو: اے ایف پی / فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ ہم نے بنگلہ دیش کو کبھی بھی ٹور پر مجبور نہیں کیا، سیکیورٹی کا بہانہ بنانا کسی طور مناسب نہیں ہے، بنگال ٹائیگرز کے لیے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کا وعدہ کیا تھا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے بھارت سے ایک غیرملکی خبررساں ادارے سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن نے گذشتہ روز سیکیورٹی صورتحال کووجہ قرار دے کر اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا جبکہ اس سے قبل اپریل میں بھی بنگلہ دیشی ٹیم دورے پر نہیں آئی تھی تب ٹور روکنے کیلیے عدالت کا سہارا لیا گیا تھا۔ ذکا اشرف نے بی سی بی کے اس فیصلے کو انتہائی نامناسب قرار دیا، انھوں نے کہا کہ ٹور کے حوالے سے فیصلے کا اختیار بی سی بی کے پاس ہی تھا۔




ہم نے کبھی بھی اس کو ٹور کیلیے مجبور نہیں کیا مگر ان کا یہ کہنا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہتر نہیں انتہائی نامناسب ہے کیونکہ خود بنگلہ دیش کا وفد سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہوکر یہاں سے گیا تھا۔ چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش ٹیم کے لیے ٹاپ لیول سیکیورٹی انتظامات کا وعدہ کیا گیا تھا، میچ لاہور میں ہونے تھے جوکہ ایک محفوظ شہر ہے جبکہ گذشتہ دنوں کراچی میں بھی ایک انٹرنیشنل الیون دو میچز کھیل چکی ہے۔

اس لیے یہاں پر سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ واضح رہے کہ پی سی بی بھی اپنے بیان میں فیصلے کو نامناسب قرار دے چکا، اس کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیشی بورڈ کے صدر کیلیے مناسب ہوتا کہ وہ پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے قبل اپنے سیکیورٹی وفد کی رپورٹ پڑھ لیتے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی تازہ وعدہ خلافی کے بعد پاکستانی پلیئرز کی رواں ماہ 17 تاریخ سے شروع ہونے والی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں شرکت مشکل دکھائی دے رہی ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story