مصباح الحق کی رخصتی کا پروانہ لکھ دیا گیا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 27 جنوری 2017
فیصلہ سینئر بیٹسمین پرہی چھوڑ دیا گیا کہ وہ ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ اعلان کب کرنا پسند کرتے ہیں ۔ فوٹو فائل

فیصلہ سینئر بیٹسمین پرہی چھوڑ دیا گیا کہ وہ ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ اعلان کب کرنا پسند کرتے ہیں ۔ فوٹو فائل

 لاہور: مصباح الحق کی رخصتی کا پروانہ لکھ دیا گیا ہے اور قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مستقبل کے پلان کا حصہ نہیں رہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کو پیغام بھجوا دیا گیا ہے کہ پی سی بی ان کو مستقبل کے پلان میں شامل نہیں سمجھتا اور انھیں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنا ہے، یہ فیصلہ سینئر بیٹسمین پرہی چھوڑ دیا گیا کہ وہ ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ اعلان کب کرنا پسند کرتے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :چیف سلیکٹر نے ٹیم میں تبدیلیوں کا عندیہ دیدیا

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مصباح الحق نے کوئی فیصلہ کرلیا تو ان کا تجربہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری لانے کیلیے استعمال کیا جائے گا، اظہر علی کو جانشین کے طور پر ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپے جانے کا قوی امکان ہے۔ دوسری جانب یونس خان کو 10 ہزار رنز بنانے والا پہلا پاکستانی بیٹسمین بننے کا اعزاز حاصل کرنے کیلیے ایک میچ یا ٹور مزید دیا جا سکتا ہے،سینئر بیٹسمین ابھی تک 9977رنز بنا چکے اور سنگ میل عبور کرنے کیلیے انھیں مزید 33رنز درکار ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :مصباح الحق فارم میں واپسی کیلیے کلب کرکٹ کھیلیں گے

واضح رہے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے تذبذب کا شکار سینئر بیٹسمین نے پی ایس ایل کو اپنی فارم اور فٹنس کا پیمانہ قراردیتے ہوئے ایونٹ کے بعد کوئی فیصلہ کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔