فلموں سے زیادہ ڈراموں سے شہرت ملی فیصل قریشی

پاکستان کا ڈرامہ ترقی کی منازل تیزی سے طے کررہا ہے اور ہمارے فنکار معیاری کام کررہے ہیں

ٹیلی وژن ڈراموں نے بے پناہ شہرت دی مگر میرا دماغ خراب نہیں ہوا، فیصل قریشی۔ فوٹو : فائل

اداکار فیصل قریشی نے کہا ہے کہ متعدد فلموں میں کام کرنے کے باوجود وہ شہرت حاصل نہیں ہوئی جو چند ڈراموں نے عطا کی اگرچہ فلم کا میڈیم طاقتور ہے لیکن اب ٹیلی وژن انڈسٹری دنیا بھر میںراج کررہی ہے۔

ا نمایندہ ایکسپریس سے بات چیت کے دوران انھوں نے کہا کہ آج پاکستان کا ڈرامہ ترقی کی منازل تیزی سے طے کررہا ہے اور ہمارے فنکار معیاری کام کررہے ہیں مجھے ٹیلی وژن ڈراموں نے بے پناہ شہرت دی مگر میرا دماغ خراب نہیں ہوا آج کچھ فنکار ایک سین میں اگر آجاتے ہیں تو ان کا دماغ خراب ہوجاتا ہے جب کہ ایسا ہونا نہیں چاہیے یہ سب عوام کی امانت ہے میں نے ہمیشہ لوگوں کو محبتیں تقسیم کی ہیں جس کے عوض اپنے پرستاروں سے اور دوستوں سے خلوص اور محبت ملتی ہے ایک فنکار کے لیے یہ ہی سب سے بڑا سرمایہ ہے۔


پاکستان ٹیلی وژن آج بھی میرے لیے اکیڈمی کا درجہ رکھتا ہے اور میری خواہش ہوتی ہے کہ میں زیادہ سے زیادہ کام پی ٹی وی کے لیے کروں ایک سوال کے جواب میں فیصل قریشی نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری بحال ہوسکتی ہے لیکن اس کے لیے مسلسل کام کرنا ہوگا ۔ اب تک عملی طور پر سرکاری سطح پرفلم کی بحالی کے لیے کام نہیں کیا گیا کسی بھی چیز کو بنانے کے لیے پہلے اس کا نقشہ تیار کرنا ہوتا ہے۔

جس پر متفقہ طور پر چندلوگ اپنی مشاورت سے اس کی بہتری کے لیے کام کرتے ہیں کوئی بھی عمارت باتوں سے نہیں کھڑی کی جاسکتی اس کے لیے عملی کام کی ضرورت ہوتی ہے سو اس مسئلے پر بھی اگر عملی طور پر توجہ دی جائے تو ہم انڈسٹری کو بحال کرنے میں کامیاب ہوجائینگے۔
Load Next Story