2015 تک پاک افغان تجارت 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم

پاک افغان چیمبر کے تحت کانفرنس، سرحد پورے ہفتے کھلی رکھنے کے فیصلے کاخیر مقدم

تاجر برادری کو ملٹی پل ویزہ جاری کیا جائے گا جس سے دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت کو سال 2015 تک 5ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا۔

اس عزم کا اظہار دونوں ممالک کی تاجر و صنعتکار برادری نے گزشتہ روز پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام منعقدہ کانفرنس میں کیا۔ شرکا نے افغانستان کو پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 5 سال کے دوران تجارت میں 3گنا سے زائد اضافہ ہوا۔ اس موقع پر چیمبر اراکین کو بتایا گیا کہ ٹرانزٹ ٹریڈ کے 3 ہزار سے زائد کنٹینرز جلد ریلیز کر دیے جائیں گے جبکہ تاجر برادری کو ملٹی پل ویزہ جاری کیا جائے گا جس سے دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

شرکا نے پاکستانی حکومت کی طرف سے بارڈر کو ہفتے کے7 روز کھلا رکھنے کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ افغان حکومت بھی اپنی جانب سے ہفتہ کے روز بارڈر کھولنے کا اقدام کرے جس سے پاک افغان دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ہو گا۔ کانفرنس کے اختتام پرپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جوائنٹ چیمبر کے صدر محمد زبیر موتی والا اور شریک صدر خان جارن الکوزی نے کہا ہے کہ ہفتے کے 7دن پاکستانی بارڈر کھلا رکھنے سے دوطرفہ تجارت میں 13 فیصد اضافہ ہوگا۔




ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستانی تعمیراتی کمپنیاں بڑے افغان تعمیراتی منصوبوں کیلیے ٹینڈر داخل کریں جو جلد ہی چیمبر کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گے،افغان بارڈر کے قریب خصوصی اقتصادی زون بنائے جائیں گے۔

اس موقع پر افغان نائب وزیر تجارت مزمل شنواری، وزارت تجارت پاکستان کے ایڈیشنل سیکریٹری فضل عباس میکن، سرمایہ کاری بورڈ کے ایگزیکٹو ڈی جی سکندر احمد رائے، افغان وزارت خزانہ کے ڈی جی احمد شاہ زمان زئی، افغان وزارت خارجہ کے ڈی جی اقتصادی تعاون واحد اللہ وصی، وزارت خارجہ پاکستان کے ڈی جی سید ابرار حسین اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
Load Next Story