عام انتخابات ملتوی کیے گئے تو مسلم لیگ ن مارچ کرے گی

سندھ اور پاکستان کے تمام مسائل کا حل عام انتخابات کا انعقاد ہے، لیاقت جتوئی، ایاز پلیجو

عام انتخابات ملتوی کیے گئے تو مسلم لیگ ن لانگ مارچ کرے گی، لیاقت جتوئی۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ سندھ اور پاکستان کے تمام مسائل کا حل صرف و صرف عام انتخابات کا انعقاد ہے جبکہ مسلم لیگ نون سندھ کی الیکشن کمیٹی کے چیئرمین لیاقت علی خان جتوئی کا کہنا ہے کہ اگر عام انتخابات ملتوی کیے گئے تو نون لیگ لانگ مارچ کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار دونوں رہنماؤں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں لیاقت جتوئی نے ملک چنگیزخان، ڈاکٹر بدر چنہ اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ ایاز لطیف پلیجو سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران سندھ میں نافذ دہرے بلدیاتی نظام کے خلاف جاری جدوجہد اور عام انتخابات کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


میڈیا سے بات چیت میں ایاز پلیجو کا کہنا تھا کہ سندھ اور پاکستان اس وقت بدترین دور سے گزر رہے ہیں اور جس پیمانے میں کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کی جارہی ہے اس کی مثال تک نہیں ملتی، حکومت کے تحت کام کرنے والا ادارہ نیب خود کہہ رہا ہے کہ موجودہ دور میں ہر روز12 ارب روپے کی کرپشن کی جارہی ہے، سندھ میں بچوں کو خسرے کی بیماری کی رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

خسرے کا شکار بچوں کے لواحقین کو فی کس 50 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے اس بیان پر تشویش ہے کہ کراچی میں نئی حلقہ بندی کرنے کے حوالے سے حالات موافق نہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی میں ازسرنو ووٹروں کی تصدیق اور نئی حلقہ بندی کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔

لیاقت جتوئی نے کہا کہ مسلم لیگ نون عام انتخابات کا التوا برداشت نہیں کریگی اوراگر انتخابات کوملتوی کیا گیا تو تاریخی لانگ مارچ کریں گے۔انھوںنے کہا کہ موجودہ حکومت کی تمام ترتوجہ اس وقت صرف مخالفین پر مقدمات درج کرنیاور گرفتاریوں پر ہے،پی پی جتنے چاہے اقدامات کرلے لیکن وہ عوام کی توجہ دہرے بلدیاتی نظام سے نہیں ہٹاسکے گی، اس معاملے پر کوئی بھی ان سے مفاہمت نہیں کرے گا۔ انھوںنے کہ کہا کہ وہ سندھ میں بسنے والے تمام افراد سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ دھرتی کیساتھ بے وفائی نہ کریں۔
Load Next Story