وزیر اعظم آج کراچی حیدرآباد موٹر وے کے ایک حصے کا افتتاح کریں گے
75کلومیٹر حصہ تعمیرہوگیا، بقیہ 65 کلومیٹر اکتوبرتک مکمل ہوگا، نئے حصے پر کارکو119، ٹریلر کو 678روپے ٹیکس دینا ہوگا
عالمی تجارت میں قومی حصہ بڑھانے کے خواہاں ہیں،نوازشریف۔ فوٹو؛ فائل
نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے کراچی تاحیدرآبادایم نائن موٹروے کا75کلومیٹر حصہ تعمیرکردیاہے جس کا افتتاح وزیراعظم نوازشریف آج (جمعے) کوکریں گے۔
بقیہ 61کلومیٹر رواں سال اکتوبرمیں مکمل کرلیاجائے گا، منصوبہ بلٹ آپریٹ ٹرانسفر بنیادپرتعمیرکیاگیاہے، این ایچ اے نے ٹول ٹیکس میں10 گنااضافہ کرتے ہوئے کار کیلیے فی کلومیٹر1.58اور ٹریلر کیلیے فی کلومیٹر 9.05روپے ٹول ٹیکس نافذکردیاہے جس کے تحت کارمالکان کو119روپے اورٹریلرڈرائیور کو 678 روپے ادائیگی کرناہوگی، نئے ریٹس تعمیرشدہ موٹروے پر وصول کیے جائیں گے جبکہ زیرتعمیر حصے پرفی الحال کوئی ٹول ٹیکس وصول نہیں کیاجائے گا۔ ٹول ٹیکس میں بے تحاشا اضافے پر شہریوںاورٹرانسپورٹرزنے تشویش کا اظہارکیاہے جبکہ سندھ حکومت ٹول ٹیکس کم کرانے کیلیے وفاقی حکومت سے رابطہ کرے گی۔
ادھر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی زیرنگرانی کنٹریکٹرایف ڈبلیواونے سپرہائی وے کراچی تاحیدرآباد 136کلومیٹرکوموٹروے(ایم نائن) میں تبدیل کرنے کیلیے بی اوٹی منصوبے کاآغاز17ستمبر 2015کوکیا، منصوبے پر36ارب لاگت آئے گی، منصوبے کا75کلومیٹر کاپہلا مرحلہ لکی سیمٹ تالونی کوٹ برج مکمل کرلیا گیاہے جبکہ بقیہ61کلومیٹرزیرتعمیرہے جسے رواںسال اکتوبرتک مکمل کرلیاجائے گا۔
این ایچ اے نے پرانے ٹول ٹیکس کومنسوخ کرتے ہوئے لکی سیمنٹ تا لونی کوٹ برج تعمیرشدہ موٹر وے پرٹول ٹیکس میں10گنااضافہ کردیاہے، کارمالکان جو پہلے سپرہائی وے پرسفرکرنے کیلیے30روپے ادائیگی کرتے تھے اب فی کلومیٹر1.58روپے کے حساب سے119 روپے ادا کریں گے۔ ویگن مالکان45روپے کے بجائے 2.64روپے فی کلومیٹریامجموعی طورپر198روپے، کوسٹر70 روپے کے بجائے اب3.70روپے فی کلومیٹر یعنی278 روپے، مسافر بس 70روپے کے بجائے اب 5.28روپے فی کلومیٹریاکل 396روپے، ٹرک ڈرائیور90روپے کی جگہ اب 7.10روپے فی کلومیٹریاکل 532روپے اور ٹریلر ڈرائیورجوپہلے75روپے اداکرتے تھے اب9.05فی کلومیٹر یعنی678 روپے اداکریںگے، نئے ٹول ٹیکس کی وصولی جمعے سے شروع ہوجائے گی۔
ترجمان این ایچ اے نے کہاہے کہ ٹول ٹیکس کے نئے ریٹس75کلومیٹرموٹر وے پروصول کیے جائیں گے جبکہ زیر تعمیر61کلومیٹرپرفی الحال کوئی ٹیکس وصول نہیںکیاجائے گا، منصوبے کی تکمیل کے بعدکارمالکان کو215روپے اورٹریلرمالکان کو1231روپے اداکرنے ہوںگے۔ ترجمان کے مطابق ایم نائن پر2ٹراماسینٹرتعمیر کردیے گئے ہیںجبکہ موبائل ورکشاپ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے، نئے ریستوران، ریسٹ ہاؤس اورنئے پٹرول پمپ تعمیرکیے جارہے ہیں۔
دوسری جانب صوبائی وزیرٹرانسپورٹ ناصرحسین شاہ نے کہاہے کہ ٹول ٹیکس کے نئے ریٹس عوام کے ساتھ ناانصافی ہے، ٹول ٹیکس کو کم کرانے کیلیے وفاقی حکومت سے رابطہ کیاجائے گا۔ وزیراعظم نوازشریف آج (جمعہ کو) صبح ایک روزہ دورے پرکراچی پہنچیں گے۔
وزیراعظم نوری آباد کے مقام پر موٹروے ایم نائن کے سیکشن ون کا افتتاح کریں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سندھ کے نومنتخب گورنر زبیرعمراوروفاقی وزرابھی افتتاحی تقریب میں موجود ہوںگے، ایم نائن موٹروے کا 75 کلومیٹرسیکشن مکمل ہوچکا ہے جس میں4انٹرچینج بھی شامل ہیں۔
دریں اثناانٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر (آئی ٹی سی) کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر آرانچا گونزالیز کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی تجارت میں قومی حصہ بڑھانے کیلیے بہترین اقدامات اختیار کرنے اور اس ضمن میں بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون میں اضافے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ای کامرس کے حوالے سے قومی پالیسی تیار کر رہی ہے جس پر خزانہ، تجارت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وفاقی وزرا مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔ انھوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو معیشت کے استحکام کیلیے حکومت کی کوششوں سے آگاہ کیا جو مزید زیادہ ترقی کی جانب گامزن ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان میں پہلے 'شی ٹریڈز' کے افتتاح پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی حکومت وسیع تر سطح پر خواتین کو بااختیار بنا رہی ہے اور عالمی تجارت میں ان کے حصے میں اضافہ کررہی ہے۔
آرانچا گونزالیز نے کہا کہ پاکستان کی معیشت نے استحکام حاصل کیا ہے جو سیکیورٹی اور امن وامان کی بہتری کے بعد مزید مستحکم ہو رہی ہے۔ انھوں نے حکومت کے ٹھوس اقدامات کی تعریف کی اور کہاکہ ملک ترقی کررہا ہے جہاں میکرو اکنامک صورتحال کے استحکام میں بڑی پیش رفت ہوئی۔ انفرااسٹرکچر اور سیکیورٹی میں بہتری آئی۔ ہم انفرااسٹرکچر کی سطح پر حاصل ہونے والی اس تمام ترقی کو انٹرپرینیورشپ کی سافٹر انفرااسٹرکچرترقی میں تبدیل کرنے کے لیے پاکستان کی مدد کریں گے۔ ہم تجارتی رولز کو آسان بنانے اوراسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائززکی مسابقت میں اضافہ کے لیے پاکستان سے تعاون کریں گے۔
علاوہ ازیں پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود اچکزئی نے نواز شریف سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نواز شریف نے محمد زبیر کو گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ توقع ہے کہ محمد زبیر سندھ کے عوام کی مشکلات کم کرنے اور وفاق و صوبے کے درمیان بہتر روابط کیلیے کردار ادا کریں گے۔ انھیں پیشہ ورانہ صلاحیت کی وجہ سے عہدے کیلیے منتخب کیا گیا ہے۔