ایشین جونیئر سکواش پاکستان نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی

گرین شرٹس کو سیمی فائنل تک رسائی کیلئے ایران پر لازمی فتح درکار تھی۔

پوائنٹس ٹیبل میں گروپ اے میں بھارت سرفہرست جب کہ پاکستان دوسرے نمبر پر موجود ہے: فوٹو : فائل

ہانگ کانگ میں جاری ایونٹ میں پاکستان نے ایران کو شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیاہے۔

18 ویں ایشین جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں پاکستان نے ایران کو ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ مہران جاوید، عباس زیب اور منصور زمان جونیئر نے میچز میں فتوحات سمیٹتے ہوئے پاکستان کو فائنل فور میں رسائی دلائی۔ پہلے سنگلز مقابلے میں مہران جاوید نے ایران کے علی رضا شمیلی کے خلاف 3-1 سے کامیابی حاصل کی، سکور 15-13، 6-11 اور 11-3، 11-5 رہا۔


دوسرے مقابلے میں عباس زیب نے مجتبیٰ کفیلی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 3-0 سے زیر کیا۔ تیسرے اور آخری سنگلز میچ میں منصور زمان جونیئر نے محمد رضا جعفر زادہ کو 11-9، 11-8، 8-11 اور 11-4 سے مات دیتے ہوئے پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی دلا دی۔

کل دوسرے مرحلے میں پاکستان کا مقابلہ ملائیشیا سے شیڈول ہے۔ پوائنٹس ٹیبل میں گروپ اے میں بھارت کی ٹیم 529 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست جبکہ پاکستان 521 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے، گرین شرٹس کو سیمی فائنل تک رسائی کیلئے ایران پر لازمی فتح درکار تھی۔ گروپ بی میں ملائیشیا اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں ٹاپ 2 میں شامل ہیں۔
اس سے قبل پاکستان کی ٹیم جاپان، مکاؤ اور کوریا کو شکست دے چکی ہے جبکہ بھارت کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان کی ٹیم ایونٹ میں فورتھ سیڈ ہے، سکواڈ میں عباس زیب، عبدل ملک، مہران جاوید اور منصور زمان جونیئر شامل ہیں۔

 
Load Next Story