پولیس اور رینجرز نے 67ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا

زون ایسٹ پولیس نے 12ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلیں

رینجرز کی بھاری نفری نے عباس ٹائون میں داخل ہوکر دو گلیوں کا محاصرہ کرلیا اور ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے 3 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا. فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے کارروائیاں کرتے ہوئے 67ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ و دیگر سامان برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز کی بھاری نفری نے عباس ٹائون میں داخل ہوکر دو گلیوں کا محاصرہ کرلیا اور ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے 3 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ،ذرائع کے مطابق رینجرز نے مشتبہ افرادکی موجودگی پر چھاپہ مارا ،حراست میں لیے گئے افراد کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ، اورنگی ٹائون ڈویژن پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پیرآباد، فرنٹیئر کالونی اور کنواری کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے 20 افراد کو حراست میں لے لیا جن میں سے 3 افراد پولیس کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔


پولیس کے مطابق مذکورہ آپریشن پیرآباد میں جی پی او کی کیش وین لوٹنے اور دو پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے والے ملزمان کے سا تھ ساتھ اورنگی ٹائون کے مختلف علاقوں میں بال بم پھینکنے والے ملزمان کی تلاش میں کیا گیا اورجن افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، ان سے تفتیش جاری ہے اور جو افراد بے قصور ہونگے انہیں رہا کردیا جائے گا ،آپریشن میں اورنگی ٹائون ڈویژن کے ساتھ ساتھ ریپڈ ریسپانس فورس کے اہلکاروں نے بھی حصہ لیا ،آپریشن ڈھائی گھنٹے جاری رہا ،اس دوران ان علاقوں کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کردیے گئے تھے۔

علاوہ ازیں ڈی آئی جی سائوتھ زون شاہد حیات کی ہدایت پر سائوتھ زون پولیس نے 22 ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری تعداد میں اسلحہ ، موٹر سائیکل، چھینا ہوا سامان اور منشیات برآمد کر لی ہے ، زون ایسٹ پولیس نے 12ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلیں جبکہ ویسٹ زون پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 10ملزمان کو گرفتار کر کے دو پستول، موبائل فون اور منشیات برآمد کرلیں۔
Load Next Story