بچوں کی لڑائی پر پڑوسی نے محنت کش کو قتل کردیا

ملزم شمشیر کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، قتل کا مقدمہ درج ہوگا، مومن آباد پولیس

مومن آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے ملزم شمشیر ولد امیر سلطان کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے پستول برآمد کرلیا. فوٹو: فائل

مومن آباد میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے محنت کش ہلاک ہوگیا۔

پولیس نے فائرنگ کرنیوالے ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا، تفصیلات کے مطابق مومن آباد تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر 4-A ضیا کالونی2 نمبر میں فائرنگ سے 32 سالہ حضرت ولی ولد ظاہر خان زخمی ہو گیاتھا،جسے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمی دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔


جس کے بعد مومن آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے ملزم شمشیر ولد امیر سلطان کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے پستول برآمد کرلیا، مومن آباد پولیس کے مطابق ملزم شمشیر اور مقتول حضرت ولی پڑوسی ہیں اور محنت کش ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ بدھ کو مقتول حضرت علی اور ملزم شمشیر کے درمیان بچوں کے معاملے پر لڑائی ہوئی تھی اور اس ہی رنجش کی بنا پر مقتول اور ملزم کے درمیان جمعرات کو بھی جھگڑا ہوا اور ملزم شمشیر نے مشتعل ہوکر فائرنگ کر کے حضرت ولی کو قتل کردیا بعدازاں پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی ، پولیس نے بتایاکہ مقتول حضرت ولی کو 2 گولیاں لگی تھیں اور وہ 2 بچوں کا باپ تھا اور آبائی تعلق خیبر پختونخوا سے تھا، انھوں نے بتایا کہ ملزم شمیشر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔
Load Next Story