تنخواہ کی عدم ادائیگی بلدیاتی ملازمین7جنوری سے احتجاج کرینگے

کے ایم سی اور ٹائونز کا مالی بحران،ملازمین کی تنخواہ،پنشن اور دیگر ادائیگیاں بند ہوگئیں.

بلدیاتی گرانٹ کی سمریاں وزیراعلیٰ سندھ کے دفتر میں زیر التوا ہیں، ذوالفقار شاہ. فوٹو: فائل

سجن یونین (سی بی اے) کے ایم سی کے مرکزی صد ر سید ذوالفقار شاہ نے کہا ہے کہ کے ایم سی اور ٹائونز کے مالی بحران کی وجہ سے ہزاروں ملازمین کی تنخواہوں ،پنشنرز کی پنشن اور دیگر قانونی واجبات کی عدم ادائیگی کے ساتھ ساتھ صحت و صفائی کے امور بھی متاثر ہورہے ہیں۔

جمشید ٹائون،گلشن اقبال ٹائون ،لیاقت آباد ٹائون،گلبرک ٹائون ،نارتھ ناظم آبا د ٹائون ،ملیر ٹائون اور دیگر علاقوں میں صفائی ستھرائی کا نظام بری طرح متاثر ہورہا ہے، ڈسٹرکٹ سینٹرل کے چاروں ٹائونز کے ملازمین یکم جولائی 2012 سے اعلان کردہ 20 فیصد تنخواہوں کے اضافے سے بھی محروم ہیں۔


لیاری ٹائون ،صدر ٹائون اور کے ایم سی کے ملازمین دو دو ماہ کی تنخواہوں ،لیاری ٹائون کے ملازمین اضافی ڈیوٹیاں انجام دینے کے باوجود 26 ماہ کے اوور ٹائم ،صد ر ٹائون کے ملازمین 10ماہ کے اوو ر ٹائم ،کے ایم سی فائربریگیڈ کے فائر فائٹرز 3 ماہ کے فائر رسک الائونس ،ریٹائر ملازمین اور فوت شدہ ملازمین کے ورثا لیوانکیشمنٹ،پروانڈنٹ فنڈ،پنشن، گریجویٹی، کمیوٹیشن، گروپ انشورنس ،فنانشل اسٹنٹس ،7فیصد کاسٹ آف لیوننگ الائونس، 300روپے اضافہ شدہ پنشن کے واجبات کی ادائیگیوں سے محروم ہیں۔



تاحال کے ایم سی کی50 کروڑ اور لیار ی ٹائون کی 2 کروڑ روپے کی دو،دو اقساط کی اسپیشل گرانٹ کی سمریاں وزیر اعلیٰ سندہ کی منظوری کے لیے ان کے دفترمیں زیر التوا ہیں، نہ ہی تاحال آکٹرائے ضلع ٹیکس کی میچنگ گرانٹ ریلیز نہ ہونے سے بھی ملازمین کو ماہوار تنخواہیں ادا نہیں کی جاسکی ہیں، انھوں نے کہا کہ اب ملازمین کا پیمانہ صبر لبریز ہوچکا ہے اور امکان ہے کہ بروز پیر مورخہ 7 جنوری سے ملازمین احتجاج شروع کردینگے۔
Load Next Story