مشین ٹول فیکٹری کے250 ریٹائر مزدورواجبات کے منتظر

افسران ریٹائرمنٹ سے پہلے واجبات لے لیتے ہیں،مزدوروں کو ابتک گریجوٹی نہیں ملی.

مشین ٹول فیکٹری اپنی بقا کی آخری ہچکی لے رہی ہے،ریٹائرڈ ملازمین ایکشن کمیٹی. فوٹو: فائل

ایکشن کمیٹی ریٹائرڈ ملازمین، پاکستان ٹول فیکٹری لانڈھی کے اراکین نے کہا ہے کہ پاکستان مشین ٹول فیکٹری اپنی بقا کی آخری ہچکی لے رہی ہے۔

جن مزدوروں نے فیکٹری کو اپنی زندگی کے بہترین ایام دیے آج وہ ریٹائرمنٹ کے بعد بڑھاپے میں گریجوٹی کے منتظر ہیں اور ان کے بچے بے یار و مددگار ہیں، غریب مزدوروں کو ان کا حق دیا جائے، اراکین کا کہنا تھا کہ2009 سے لے کر اب تک ریٹائر ہونے والے 250 مزدوروں کے واجبات ادا کیے جائیں، ستم ظریفی یہ ہے کہ بڑے گریڈ کے افسران، ایم ڈی اور جی ایم کو ریٹائرمنٹ سے پہلے ہی تمام واجبات ادا کر دیے جاتے ہیں جبکہ یہ لوگ اپنے زیر استعمال گاڑی بھی بک ویلیو پر ساتھ لے جاتے ہیں، مگر دوسرے کم گریڈ افسران اور مزدورواجبات کے انتظار میں جہان فانی سے کوچ کر رہے ہیں۔




پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریٹائرڈ ملازمین کی ایکشن کمیٹی نے اعلیٰ حکام سے درخواست کی کہ مزدوروں کے مظلوم بچوں کی ملازمت کو مستقل کرنے کے احکامات صادر کیے جائیں اور صحافی ہماری آواز اعلیٰ حکام تک پہنچا کر ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات دلانے میں مدد گار ثابت ہوں، اراکین کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی حربی و عسکری ضروریات پوری کر کے فیکٹری نے عالمی منڈی میں اپنا لوہا منوایامگر اب یہ تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے، پریس کانفرنس سے ایکشن کمیٹی کے عہدیداران چیئر مین محمد دائود خان، وائس چیر مین نورالاکبرعوامی، جنرل سیکریٹری سید آصف حسنین اور پی آر ایس اختر بھوپالی نے بھی خطاب کیا۔
Load Next Story