افغانستان داعش کا حملہ ریڈ کراس کے 6 ملازم قتل فورسز کے آپریشن میں51 جنگجو ہلاک

ہلمند میں طالبان کمانڈر نجیب اللہ مارا گیا، ننگر ہار میں 43 داعش جنگجو مارے گئے

کوئی اچھا یا برا دہشت گرد نہیں ہوتا، اس لعنت کو مشترکہ کوششوں سے ختم کیا جانا چاہیے، ڈپٹی سیکریٹری جنرل نیٹو۔ فوٹو: فائل

افغانستان میں داعش کے عسکریت پسندوں نے فائرنگ کرکے بین الاقومی امدادی ادارے ریڈ کراس کے 6 ملازمین کو قتل کردیا جبکہ 2 ملازم لاپتہ ہیں جبکہ امریکی ڈرون حملوں اور سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں طالبان کمانڈر اور داعش کے جنگجوؤں سمیت 51 عسکریت پسند مارے گئے۔

افغان میڈیا کے مطابق شمالی صوبہ جاؤزجان میں داعشی جنگجوؤں نے فائرنگ کرکے ریڈ کراس کے 6 ملازمین کو قتل کردیا تاہم آئی سی آر سی کے ترجمان تھامس گلاس نے اپنے 6ملازمین کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حملے کے بعدعملے کے 2 افراد لاپتہ بھی ہیں جب کہ مقامی گورنر نے بتایا کہ ہلاک شدگان کو کش تپا کے علاقے میں گولی مار کر قتل کیا گیا، 2کارکنان لاپتہ ہیں اور خدشہ ہے کہ انھیں شدت پسند گروہ نے اغوا کر لیا ہے۔

دوسری طرف صوبہ ہلمند کے ضلع گرامیسر میں امریکی ڈرون حملے میں طالبان کے اہم کمانڈر نجیب اللہ اور 6 جنگجو ہلاک ہوگئے، صوبہ ننگر ہار کے ضلع ہیسکا مینا کے علاقے چہار وازی میں رات گئے ڈرون حملے میں داعش کے 2 جنگجو ہلاک اور 3 دیگر زخمی ہوگے۔


دریں اثنا افغان سیکیورٹی فورسز نے مشرقی صوبہ ننگرہارمیں آپریشن کے دوران داعش کے43 جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ صوبائی گورنر کے ترجمان عطااللہ کھوگیانی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران افغان فورسز کے ضلع آچن، کوٹ اور رودات میں زمینی اور فضائی آپریشن کیے۔

دوسری جانب نیٹو نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افغان فورسز اور حکومت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی اچھا یا برا دہشت گرد نہیں ہوتا، دہشت گردی کی لعنت کو مشترکہ کوششوں سے ختم کیا جانا چاہیے۔

علاوہ ازیں برسلز میں نیٹو کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل روز گوتیمویلر سے افغان قومی سلامتی کے مشیر حنیف اتمر نے ملاقات کی جس میں افغانستان اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں اطراف سے سیکیورٹی سے متعلق مسائل اور افغانستان، خطے میں دہشت گرد گروپوں کی سرگرمیوں پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
Load Next Story